8 ماہ گزرجانے کے باوجود نجیب کا نہیں مل سکا کوئی سراغ،سی بی آئی افسران سے والدہ کی ملاقات ،جلد تلاشی کی یقین دہانی

دہلی (ملت ٹائمز)
جے این یو کے طالب علم نجیب کی گمشدگی اپنے آپ میں حیران کر دینے والا معاملہ ہے ۔ آج اس کی والدہ نے سی بی آئی کے دفتر جا کر اپنے بیٹے کی تلاش کی فریاد کی، جس پر سی بی آئی نے انہیں جلد تلاش کرلینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ خیال رہے کہ جے این یو میں اسکول آف بائیولوجی کا ریسرچ اسٹوڈنٹس نجیب احمد پچھلے سال پندرہ اکتوبرسے پراسرار طور پر لاپتہ ہے۔
گزشتہ آٹھ مہینوں سے لاپتہ نجیب احمد کا سراغ لگانے کے معاملہ میں یوں تو دہلی پولیس کے مطابق اس نے کوئی کسر نہیں چھوڑرکھی ہے ، لیکن اس کے ہاتھ اب تک کوئی سراغ نہیں لگا ہے، جس کے بعد اس کو تلاش کرنے کی ذمہ داری سی بی آئی کے کاندھے پر ڈالی گئی ہے۔
نجیب کی گمشدگی کو لے کر ملک بھر میں طلبہ تنظیموں کے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ سی بی آئی کے افسران سے ملاقات کے بعد نجیب کی والدہ نے بتایا کہ سی بی آئی نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ان کے بیٹے کو تلاش کرنے میں پوری مدد کریں گے اور جس طرح دہلی پولیس نے اس معاملہ میں لاپر وائی برتی ہے اور نجیب کو جان بوجھ کر تلاش کرنے کی کوشش نہیں کی، اس طرح کا رویہ اب آ گے نہیں اختیار کیا جائے گا، ہم جلد ہی نجیب بازیاب کرلیں گے۔