پرتیبھاکے خلاف شیخاوت کواتارکرجس طرح بی جے پی خواتین مخالف نہیں ہوئی،اسی طرح کووندکی مخالفت بھی دلت کی مخالفت نہیں ہوگی
نئی دہلی(ملت ٹائمزایجنسیاں )
صدر کے لیے رام ناتھ کووند کے نام پر اپوزیشن خیموں سے حمایت کی اپیل کے درمیان اب نئی خبر آ رہی ہے۔ذرائع کے مطابق ، صدر کے لیے کانگریس کی پہلی پسند سبز انقلاب کے بانی اےم اےس سوامی ناتھن ہیں۔دراصل، بی جے پی کے دلت کارڈکے سامنے کانگریس کسان کارڈکھیلنا چاہتی ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ باقی اپوزیشن جماعتوں سے بات چیت کے بعد کانگریس جلد ہی سوامی ناتھن سے رابطہ کرے گی۔ذرائع کے مطابق، کانگریس کسی سیاستدان کے بجائے ممتاز اورمعزز چہرے کوصدر کے امیدوار کے طورپرپیش کرناچاہتی ہے۔ساتھ ہی کانگریس کو سوامی ناتھن کے نام پر شیوسینا کا ساتھ ملنے کی بھی امیدہے۔ایسے میں بی جے پی-شیوسیناکے درمیان چل رہی تلخی سے بھی مستقبل میں فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔سوامی ناتھن کے بعدکانگریس کی دوسری پسندگوپال کرشن گاندھی ہیں۔کانگریس کا ماننا ہے کہ جیسے پرتیبھا سنگھ پاٹل کے خلاف بی جے پی بھےرو ں سنگھ شیخاوت کو لڑاکر خواتین مخالف نہیں ہوئی، ویسے ہی کووند کے خلاف کسی دوسرے کوامیدوار کھڑاکرنے سے وہ دلت مخالف نہیں ہو جائے گی۔خبر یہ بھی ہے کہ اپوزیشن خیموں کے درمیان اتفاق رائے بنا ،تو دلت لیڈر میرا کمار کوبھی امیدوار بنایا جا سکتا ہے۔حالانکہ ، کسی بھی نام پر کانگریس اکیلے فیصلہ نہیں لے گی، باقی سبھی غیر این ڈی اے جماعتوں کے ساتھ بات چیت کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔کانگریس مانتی ہے کہ حالات مکمل طور بی جے پی امیدوار کے حق میں ہےں ، اس لیے اپوزیشن کا امیدوارمحض نظریہ کی علامت ہوگا اور اپوزیشن اتحاد 2019کے عام انتخابات میں کام آئے گا ۔کانگریس کو یہ بھی خدشہ ہے کہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار رام ناتھ کووند کی حمایت کر سکتے ہیں، کیونکہ کووند فی الحال بہار کے گورنر ہیں۔حالانکہ پارٹی یہ مانتی ہے کہ وہ صرف لالو یادو پر چیک رکھنے کے لیے اور بہار کے گورنر ہونے کی وجہ سے ہی حمایت کر سکتے ہیں، کانگریس کو یقین ہے کہ نتیش این ڈی اے کی حمایت نہیں کریں گے۔اگر رام ناتھ کووند کے سامنے کانگریس سمیت دوسری اپوزیشن پارٹیاں اپنا مشترکہ امیدوار اتار بھی دیتی ہیں، تو جیت ممکن نہیں ہے۔اس سے اپوزیشن کی کرکری ضرور ہو سکتی ہے۔ایسے میں کانگریس شیوسینا کو این ڈی اے سے اس انتخاب میں توڑنے کے لیے سوامی ناتھن کا نام لانا چاہتی ہے۔بتا دیں کہ شیوسینا نے ہی سب سے پہلے سوامی ناتھن کا نام پیش کیا تھا۔