دنیا میں سیلفی لیتے ہوئے سب سے زیادہ افراد ہندوستان میں ہلاک ہوئے

نئی دہلی(ملت ٹائمز)
دنیا میں سیلفی لیتے ہوئے سب سے زیادہ افرادہندوستان میں ہلاک ہوئے ہیں، ایک رپورٹ کے مطابق مارچ 2014سے ستمبر 2016 تک سیلفی لیتے ہوئے 127 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے سب سے زیادہ 76 ہلاکتیں ہندوستان میں ہوئیں۔
امریکی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق2014 کے دوران ملک بھر میں 33 ہزار افراد ڈرائیونگ کے دوران سیلفی لیتے ہوئے زخمی ہوئے۔امریکا کی کارنیگی میلن یونیورسٹی اور ہندوستان کی اندرا پراستھ انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن دہلی کے محققین نے ”می، مائی سیلف اینڈ مائی کل فی“ کے نام سے مشترکہ طور پر یہ تحقیق کی ہے۔ 2013 میں آکسفورڈ ڈکشنری نے سیلفی کو سال کا لفظ قرار دیا۔ انٹرنیٹ صارفین اپنی بہترین سے بہترین انفرادی یا اجتماعی تصاویر کھینچ کر فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام سمیت سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر اپ لوڈ کرتے ہیں اور لوگوں سے لائکس اور شیئرز کی شکل میں خوب واہ واہ وصول کرتے ہیں۔ نوبت یہاں تک آچکی ہے کہ لوگ مقدس مقامات پر بھی عبادات میں دل لگانے اور توجہ مرکوز کرنے کی بجائے سیلفی کھینچنے میں مصروف رہتے ہیں زیادہ سے زیادہ لائکس اور شیئرز کے حصول کیلئے خطرناک مقامات پر بھی سیلفی لینے کا رجحان بڑھ رہا ہے جو جان لیوا ثابت ہوتا ہے ،جیسے چلتی ٹرین کے ساتھ ،قدرتی حادثہ کے موقع پر ،فلائٹ لینڈکرتے وقت وغیرہ ۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان میں سیلفی کے کلچر کو فروغ دینے میں نمایاں کردار اداکیاہے اور شروع کے دوسالوں تک وہ مسلسل سیلفی لیکر ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے رہے تھے ،گذشتہ ایک سال ان کی اس عاد ت میں کچھ کمی آئی ہے۔