حسب سابق مسلم فنڈ کی جانب سے منعقد سہ روزہ حج تربیتی کیمپ میں عازمین کوعلماء کی تلقین، عازمین کو دی گئی عملی ٹریننگ
دیوبند(ملت ٹائمز۔سمیر چودھری)
حسب سابق مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کی جانب شیخ الہند ہال میں منعقد سہ روزہ حج تربیتی کیمپ کا اختتام آج دار العلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابو القاسم نعمانی کی دعاء کے ساتھ ہوا۔ کیمپ میں تین روز تک دار العلوم دیوبند ودار العلوم وقف کے اساتذۂ کرام کے علاوہ تجربہ کار افراد نے فضائل حج وعمرہ، فضائل مدینہ، مناسک حج، حقوق اللہ وحقوق العباد، درود پڑھنے کی برکات، خواتین حج کیسے کریں نیز طریقہ حج اور حج کی شرعی ذمہ داریوں سے متعلق مسائل بیان کئے اور ماڈلوں وپروجیکٹر کی مدد سے عازمین کو عملی تربیت دی۔اس موقع پر دارالعلوم دیوبند کے استاذ مفتی محمد امین پالن پوری نے عازمین کو عملی ٹریننگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہر عازم کے لئے ضروری ہے کہ وہ طواف زیارت، وقوف عرف اور احرام کے باندھنے کو لازمی طور پر یاد رکھے، کیونکہ اس کے بغیر حج مکمل نہیں ہوگا اور جو چیزیں واجبات میں شامل ہیں ان میں مزدلفہ کا قیام، رمی، قربانی کرنا، بال کٹوانا اور طواف وداع شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالت احرام میں حج کے ممنوعات سے اجتناب کریں۔ انہوں نے حج تمتع کی اہمیت وفضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ آقائے نامدار حضرت محمد مصطفیؐ نے فرمایا کہ حج وعمرہ ایک ساتھ کرنے سے فقر وفاقہ، تنگدستی دور ہوجاتی ہے اور دولت کی فراوانی ہوتی ہے، لیکن اس کے لئے اخلاص شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ یوم مدینہ منورہ میں قیام کے دوران ہر دن روضۂ اقدس پر حاضر ہونے کا اہتمام کریں۔ انہوں نے احرام باندھنے، طواف کعبہ کا صحیح طریقہ اور اس دوران پڑھی جانے والی دعاؤں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے حرمین شریفین میں قیام کے دوران تمام آداب کو ملحوظ رکھنے کی بھی تلقین کی۔ انہوں نے بتایا کہ جو لوگ حرم شریف میں نیک عمل کرتے ہیں ان کو ایک نیکی کے بدلہ ایک لاکھ نیکیاں ملتی ہیں، اس لئے سفر حج سے پہلے اپنے تمام معاملات درست کرلیں۔ کیمپ کی اختتامی نشست دار العلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابو القاسم نعمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج اسلام کا پانچواں بنیادی رکن ہے، جس کی سعادت حاصل کرنے کے لئے ہر مومن کو سعی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر عازم کا حج سے واپس آنے پر یہ عزم مصمم ہونا چاہئے کہ آئندہ اپنی بقیہ زندگی اللہ اور اس کے رسولؐ کی منشاء کے مطابق گزینگے۔ مہتمم مفتی ابو القاسم نعمانی کی رقت آمیز دعاء کے ساتھ سہ روزہ ٹریننگ کیمپ کا اختتام ہوا۔علاوہ ازیں دار العلوم کے استاذ مولانا خضر محمد کشمیری ، دار العلوم وقف دیوبند کے استاذ مفتی محمد احسان قاسمی،دارالعلوم وقف کے استاذ مفتی محمد عارف قاسمی اور مولانا شمشاد رحمانی نے مختلف نشستوں میں اپنے خطاب کے دوران فضائل حج وعمرہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ حج وعمرہ میں صادر ہوجانے والی غلطیوں سے بچنے کی تلقین کرتے ہوءئے کتاب وسنت کی روشنی میں حج وعمرہ کے تمام مناسک کی ادائیگی پر زور دیا۔ ٹریننگ کیمپ میں شرکت کرنے والی 130 خواتین کو شائستہ عمیس، اہلیہ ڈاکٹر محمد اعظم، ڈاکٹر فاطمہ، صبا حسیب صدیقی ،اہلیہ مولانا دلشاد قاسمی اور تبسم اقبال نے مناسک حج وعمرہ کے فضائل ودیگر ارکان سے متعلق تفصیل بتائی اور سمجھایا۔ انہوں نے خواتین سے کہا کہ مقامات مقدسہ پر جاکر غیر شرعی باتون سے احتراز لازمی ہے۔کیمپ کے سرپرست مولانا حسیب صدیقی نے بتایا کہ تین روزہ حج ٹریننگ کیمپ میں 238 مرد وخواتین نے عملی ٹریننگ حاصل کی، جنہیں ٹریننگ کے اختتام پر سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔ عملی تربیت کے تحت ڈاکٹر محمد اعظم، مفتی امین پالنپوری، معروف شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی، مولانا دلشاد احمد قاسمی، ڈاکٹر ذوالفقار، چودھری حاجی منشاد ودیگر نے ماڈلوں اور پروجیکٹر کی مدد سے عازمین کو عملی ٹریننگ دی۔ کیمپ میں دہلی، میرٹھ، مظفرنگر، سہارنپور، نانوتہ، گنگوہ، رامپور منیہاران، انبہٹہ شیخاں، کٹیسرہ، اتراکھنڈ کے متعدد مقامات کے علاوہ دیوبند کے قرب وجوار کے دیہی علاقوں کے عازمین نے عملی تربیت حاصل کی۔ کیمپ کے انعقاد میں سہیل صدیقی، فیضی صدیقی، فہیم اختر صدیقی، ڈاکٹر شہزاد انجم، اسرار احمد، محمد اشرف، محمد عارف، محمد سلیم، محمد عامل، محمد مسرت نے خصوصی تعاون کیا۔