حیدرآباد،نئی دہلی(ملت ٹائمز)
مدارس کے نوجوان فضلاءنے ہندوستان کے موجودہ حالات میں مسلمانوں کی مسلسل زبوں حالی اور ملی قیادت کی خاموشی کے پس منظر میں خود آگے بڑھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک نئی تنظیم قائم کی ہے جس کانام ”کاروان امن وانصاف “رکھا گیا ہے ،اس تنظیم کا خاکہ پیش کرنے والوں میں امریکہ میں مقیم مولانا یاسر ندیم الواجی ،سمیع اللہ خان،مولانا عمر عابدین مدنی،ڈاکٹر غزالی وغیرہ کے اسماءسرفہرست ہیں ۔گذشتہ کل حیدر آباد میں اس نئی تنظیم کی پہلی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں مولانا یاسر ندیم الواجی ،ڈاکٹر طارق ایوب ندوی ،مولاا براہیم ندوی مفتی انور خان،قاضی عبد الاحد فلاحی ،جعفر صادق قاسمی ،مولانا لقمان ندوی ،عبد الرحمن پاشا اور مولانا عمر عابدین وغیرہم نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر طارق ایوب ندوی صدر اور سمیع اللہ خان جنرل سکریٹری بنائے گئے ہیں ،جبکہ ڈاکٹر یاسر ندیم الواجدی اور مفتی انور خان نائب صدر منتخب کئے گئے ہیں،مولانا عمر عابدین تنظیم کی ترجمانی کا فریضہ انجام دیں گے ۔
مفتی یاسر ندیم الواجدی نے ملت ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اس کا اہم مقصد ملک میں بڑھتے اسلام فوبیا اور ظلم کے واقعات پر قانونی ایکشن لینا اور اس کیلئے پورے ملک میں قصبوں سے لیکر صوبائی سطح تک کے وکلاءکو منظم کرناہے ،دوسرا اہم ہدف مسلمانوں میں آئینی بیداری اور جمہوری وفکری بیداری پیداکرناہے۔
تنظیم کے ترجمان مولانا عمر عابدین مدنی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ یہ تنظیم پہلے سے موجودتنظیموں کے کے خلاف نہیں بلکہ اس کے حق میں معاون ثابت ہوگی ،ہم ری ایکشن کے بجائے ایکشن اور باز آبادکاری کے بجائے آبادکاری میں یقین رکھتے ہیں،اس کے علاوہ مدارس کے طلبہ کو مربوط کرنا ،یونیورسٹیز کے طلبہ کو منظم کرنا اور عصری ادارے اور مدارس کے درمیان ہم آہنگی پیداکرنا ہمارا اہم مقصد ہے ، علاوہ ازیں بین المذاہب مذاکرات پر بھی تنظیم کام کرے گی اور مشترکہ اقدار کو تلاش کرکے دو مذاہب کے درمیان سے نفرت اور عصبیت کو ختم کرنے کی سمت میں کام کیا جائے گا ۔





