نئی دہلی / پٹنہ(ملت ٹائمز)
بہار کی سیاست میں بہت تیزی کے ساتھ تبدیلی ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے ،نتیش کے استعفی دیئے ہوئے ابھی5 گھنٹہ کا وقت بھی نہیں گزرا ہے کہ انہوں نے دوبارہ حکومت بنانے کا دعوی کردیاہے اور یہ اطلاع ہے کہ بی جے پی کے سپورٹ سے نتیش کمار دوبارہ سرکاربنائیں گے ،آج جمعرات کو شام پانچ بجے چھٹی مرتبہ وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لیں گے جس میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شرکت کریں گے ،خبر لکھے جاتے وقت نتیش کمار راج بھون پہونچے ہوئے ہیں اور گورنر کے یہاں حکومت سازی کا دعوی پیش کررہے ہیں۔
بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے اتحادی آر جے ڈی کے لیڈر اور نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو پر لگے بدعنوانی کے الزامات پر اختلافات کی وجہ سے بدھ کو اپنے عہدے سے استعفی دے دیا، جس سے 2014 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد قائم عظیم اتحاد ٹوٹ گیا، نتیش کے استعفی کے بعد تیزی سے بدلے واقعات میں بی جے پی نے نئی حکومت بنانے کے لئے جے ڈی یو کو حمایت دینے کا اعلان کیا، بی جے پی لیڈر سشیل مودی نے کہا کہ نئی حکومت میں بی جے پی شامل ہوں گے اور نتیش کو حمایت دینے کے اپنے فیصلے کے بارے میں گورنر کو خط بھیجا گیا ہے، اب نتیش کمار آج (جمعرات کو) وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیں گے،حکومت بنانے کا دعوی کرنے کے لئے نتیش کمار اور سشیل مودی دیر رات گورنر سے ملنے گئے، مرکزی وزیر جے پی نڈڈا کل پٹنہ جائیں گے،اس تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی کی شرکت کی بھی قوی امید ہے ۔
بہار میں جے ڈی یو کے 71 رکن اسمبلی ہیں اور بی جے پی کے 53، ایسے میں دونوں پارٹیاں مل کر آسانی سے اکثریت کا ہندسہ پار کر لیتی ہیں، بہار میں اکثریت کے اعداد و شمار 122 ہے اور دونوں پارٹیوں کے 124 رکن اسمبلی رہے ہیں۔
بہار میں نتیش کمار کے وزیر اعلی کے عہدے سے استعفی دینے کے بعد بی جے پی صدر امت شاہ نے سشیل مودی سے بات کی، سشیل مودی نے اپنے گھر 1-پولو روڈ پر بی جے پی ممبران اسمبلی کی ہنگامی میٹنگ بلائی، اس اجلاس کے بعد پارٹی کے سینئر لیڈر سشیل مودی نے کہا تھا کہ ہم ریاست میں وسط مدتی انتخابات کے حق میں نہیں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ جو بھی رکن اسمبلی جیت کر آئے ہیں، وہ پانچ سال کی مدت مکمل کریں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدعنوانی کے خلاف جنگ میں شامل ہونے کے لئے نتیش کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پورا ملک ان کی ایمانداری کی حمایت کرتا ہے ،ٹوئٹ کرکے انہوں نے لکھاکہ بدعنوانی کے خلاف جنگ میں شامل ہونے کے لئے نتیش کمار جی کو بہت بہت مبارک ہو،سوا سو کروڑ شہری ایمانداری کا استقبال اور حمایت کر رہے ہیں،ملک کے، خاص طور پر بہار کے روشن مستقبل کے لئے سیاسی اختلافات سے اوپر اٹھ کر بدعنوانی کے خلاف ایک ہوکر لڑنا، آج ملک اور وقت کی مانگ ہے
پی ایم نریندر مودی کی طرف سے ٹویٹ کر دی گئی مبارکباد پر رد عمل نتیش نے بھی ٹویٹ کر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔
نتیش کمار کے استعفی کے بعد بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی نے اس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ نتیش نے راشٹریہ جنتا دل کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے، ساتھ ہی واضح کیا کہ بی جے پی ریاست میں وسط مدتی انتخابات کے حق میں نہیں ہے، نتیش کمار کے استعفی کے بعد بہار میں بی جے پی اور جے ڈی یو کے ہاتھ ملانے کے قیاس آرائیاں تیز ہوگئیں تھی جو سچ ثابت ہوئی اور اب چار سالوں بعد ایک مرتبہ پھر بہار میں این ڈی اے کی حکومت بنے گی ۔