نئی دہلی(ملت ٹائمز)
مسلمانوں کی اپنی قیادت اور لیڈر شپ ابھارنے پر زور دیتے ہوئے آل انڈےا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر بیرسٹر اسد الدےن اویسی نے کہا کہ قیادت کے فقدان کی وجہ سے مسلمانوں کی حیثیت بے جڑ کے پودے کی طرح ہوگئی ہے ۔
سیمانچل میڈیا منچ کے ساتھ بات چےت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کی پسماندگی کی واحد وجہ قیادت کا فقدان ہے اور آج صورت حال یہ ہوگئی ہے کہ ان کی آواز بلند کرنے والے کم ہی لوگ ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس لئے مسلم مجلس اتحاد المسلمین مسلم قیادت کے ابھارنے پر زور دے رہی ہے اور یہ کوئی بری بات نہیں ہے۔
مسٹر اویسی نے کہاکہ ایم آئی ایم مسلم قیادت کے ذریعہ مسلمانوں سمیت دلتوں، کمزور طبقوں اور محروم طبقات کے حقوق کی حفاظت کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم صرف مسلمانوں کی بات نہیں کرتے بلکہ ملک کے ہر کمزور طبقے کی بات کرتے ہیں اور ان کی فلاح بہبود چاہتے ہیں ۔
سیمانچل کی تعلیمی ، سیاسی، سماجی اور معاشی پسماندگی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سیمانچل ڈیولپمنٹ کونسل بل کا مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کیا گیاہے جو پارلیمنٹ کے زیر غور ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ سیمانچل کی ہمہ جہت ترقی کے لئے اپنی جد و جہد جاری رکھیں گے اور وہاں کے مظلوموں کی آواز بھی اٹھاتے رہیں گے۔
انہوں نے کہاکہ مسلمانوں سے نام نہاد سیکولر پارٹیوں کی قصےدہ خوانی ترک کرنے کی اپےل کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان کبھی نتےش کمار توکبھی لالو ےادو کی مدح سرائی میں مست رہتے ہیں جس کی وجہ سے ان کا ایجنڈہ کہیں دب جاتا ہے۔ انہوں نے سیکولر پارٹیوں کی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ سیکولر ازم کی بقا کی ذمہ داری صرف مسلمانوں کی نہیں ہے۔ انہوں نے بہار میں بی جے پی کے پھلنے پھولنے کے لئے نتیش کمار کو ذمہ دار قرار دیا ۔
بیرسٹر اویسی نے دہلی میں جلد سیمانچل کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس میں سیمانچل کے مسائل اور دہلی مےں رہنے والے سیمانچل کے لوگوں کے مسائل کے حل کا ایجنڈا تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے سیمانچل میں بدعنوانی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے سدباب کے لئے وہاں کے عوام کو ہی آگے آنا ہوگا۔
بہار مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اختر الایمان نے اس موقع پر کہا کہ بہار کے عوام نے بی جے پی کو روکنے کے لئے عظیم اتحاد کو قیادت سونپی تھی مگر جنتا دل متحدہ بی جے پی کے گود میں چلی گئی اب لوگوں کو اندازہ ہوگیا ہے کہ بی جے پی کا ایجنٹ ایم آئی ایم ہے یا نتیش کمار؟
انہوں نے مطالبہ کےا کہ سیمانچل کی ترقی کے لئے دفعہ 371کی مراعات نافذ کی جائے تاکہ وہاں کے لوگوں کو بھی قومی دھارے میں شامل ہونے کا موقع مل سکے۔انہوں نے کہاکہ 371کے تحت کئی ریاستوں کو حاصل مراعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر یہ مراعات سیمانچل کے لوگوں کو مل جائے تو وہاں بھی تعلیمی ، سماجی اور سےاسی سطح پر انقلاب آسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سیمانچل میں سیلاب ہر سال قہر برپا کرتا ہے مگر اب تک اس کے روک تھام کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب وہاں کے عوام کو دھوکہ نہیں دیا جاسکتا۔ پروگرام کے اہم شرکاء میں بہار ایم آئی ایم یوتھ ونگ کے صدر ایڈووکیٹ عادل حسن آزاد، صحافی تسنیم کوثر، محبوب الہی، صحافی افسر عالم،صحافی شمس تبریز قاسمی اور آئی ایم آئی کے دیگرعہدے دار شامل تھے۔
(بشکریہ یو این آئی)