دیوبند میں بھی جمعیۃ کے بینر تلے امن مارچ کا انعقاد،دارالعلوم کے طلبہ واساتذہ نے کی شرکت ،نفرت کے خاتمہ اور آپسی بھائی چارہ کے قیام پر زور

دیوبند (سمیر چودھری ؍ملت ٹائمز)
جمعیۃ علماء ہند کے بینر تلے آج ملک گیر سطح پر مختلف شہروں اور تحصیل ہیڈ کواٹرز پر جمعیۃکارکنان نے امن مارچ نکال کر نفرت کے خاتمے اور آپسی بھائی چارے کاپیغام دیا،امن مارچ کے دوران کارکنان نے ہاتھوں میں ’نفرت مٹاؤ دیش بچاؤ‘’جمعیۃ کا نعرہ آپسی بھائی چارہ‘ جیسے مختلف نعرے لکھے پلے کارڈ لیکر ہندوستان زندہ آباد کے نعرے لگائے۔ دیوبند میں صبح گیارہ بجے مولانا مدنی روڈ پرواقع شیخ الہند ہال سے جمعیۃ علماء کے عہدیدا ن کی قیادت میں شروع ہوئے امن مارچ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی،جس میں تمام مذاہب کے لوگ شامل تھے۔ امن مارچ شیخ الہندہال سے دارالعلوم چوک، جامع مسجد سرسٹہ چوک،بیرون کوٹلہ،پٹھانپورہ ،ریتی چوک،تانگہ اسٹینڈ اور مین بازار سے گذرتا ہوا تحصیل چوک پر اختتام پذیر ہوا۔اس موقع پر تری پور بالا سندری دیوی مندر سیوا ٹرسٹ کے صدر پنڈت ستندر شرما نے جمعیۃ علماء ہند کی امن مارچ کی پہل کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ جمعیۃ علماء ہند نے ہمیشہ ملک کے لئے آواز بلند کی ہے ،جس میں انہیں تمام مذاہب کے لوگوں کاتعاون ملاہے۔ انہوں نے امن مارچ کووقت کی ضرورت بتاتے ہوئے کہاکہ یہ ملک سب کا ہے جس کے سیکولر آئین نے تمام لوگوں کو مساوی حقوق دیئے ہیں اسلئے کسی بھی سماج کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس دوران جمعیۃ علماء ہند کے خازن مولانا حسیب صدیقی نے اپنے مختصر خطاب کے دوران شرکاء کو ملک کے موجودہ حالات اور امن مارچ کی ضرورت سے روشناس کرایا۔ انہوں نے کہاکہ ملک و ملت کے مفاد میں دیوبندنے ہمیشہ آواز بلند کی ہے اور آج بھی یہاں کے علماء اور عوام اپنے اکابرین کے نقش قدم پر چل کر ملک میں آپسی بھائی چارے اورپیار و محبت کے قیام کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔ دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث مفتی راشد اعظمی، سیٹھ کلدیپ، انفنٹی انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین اروند سنگھل، جمعیۃ علماء کے صوبائی سکریٹری مولانا محمد مدنی، مولانا مسعود مدنی،ضلع جنرل سکریٹری سید ذہین احمد اور مارچ کے کنوینر عمیر عثمانی نے بھی اپنے کے خطاب دوران جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے نکالے گئے امن مارچ کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ آخر میں جمعیۃ علماء ہند کے مجلس عاملہ کے رکن و دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث مولاناسلمان بجنوری نے جم غفیر کو ملک کی آزادی اور اس کی تعمیر و ترقی میں اکابرین دارالعلوم دیوبند اور جمعیۃ علماء ہند کی خدمات سے روشناس کراتے ہوئے کہاکہ ہمارے علماء نے ہمیشہ ملک میں آپسی بھائی چاریکے قیام کے لئے اپنی قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے دیوبند میں نکالے گئے امن مارچ کو مثالی قرار دیا،مولانا کی دعاء پر امن مارچ اختتام پذیر ہوا۔ امن مارچ میں معروف عالم دین مولانا ندیم الواجدی، دارالعلوم زکریا کے مہتمم مفتی شریف خان قاسمی،مولانا ابراہیم قاسمی،ہری اوم سنگھل،انعام قریشی،سہیل صدیقی، عدیل صدیقی، فیضی صدیقی،مولانا اسماعیل تھانوی،قاری سعید، قاری سلیم،سید حارث،نجم عثمانی،حاجی منشاد،قاری زبیر احمد قاسمی، چودھری صادق،قاری راؤ ساجد،ڈاکٹر ایس اے عزیز،صدر الدین انصاری،احمد گوڑ،سلیم عثمانی سمیت کثیر تعداد میں کارکنان ،دارالعلوم کے طلبہ اور شہر کے لوگ شریک رہے۔ آخر میں پروگرام کنوینر عمیر عثمانی نے تمام لوگوں کا شکریہ اداکیا۔