نئی دلی(ملت ٹائمز)
ہندوستان میں 1000سے زائد علماء نے بھارت اور امریکا کو اپنی وفاداری کا یقین دلانے کے لئے یک زبان ہوکر اقوام متحدہ سے مطالبہ کردیا ہے کہ جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید کے خلاف ایکشن لیا جائے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ان علماء کا کہنا ہے کہ حافظ سعید ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ ہیں اور بھارت مخالف کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ علماء نے یہ مطالبہ بدھ کے روز منظور کی گئی ایک قرارداد میں کیا۔ قرار داد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹی برائے انسداد دہشتگردی کو بھیجی گئی جبکہ اس کی نقل وزیراعظم نریندر مودی کو ارسال کی گئی۔
قرارداد پیش کرنے والے مذہبی سکالر عبدالرحمن انجاریہ ’اسلامک ڈیفنس سائبر سیل‘ نامی این جی او کے سربراہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’حافظ سعید اور ان کی تنظیم عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں۔ وہ بھارت کو اپنا دشمن نمبر ایک کہتے ہیں لیکن دراصل وہ خود امن و انسانیت کے دشمن ہیں۔ ہم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ ہم نے یہ مطالبہ ایک قرارداد کی صورت میں کیا ہے جس کی منظوری ملک کے ایک بڑے مدرسے میں دی گئی اور 1000سے زائد علمائنے اس پر دستخط کئے ہیں۔