ناظم امارت شرعیہ نے اہل خیرکو مصیبت زدوں کی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی
پٹنہ(ملت ٹائمز؍اشفاق ساقی)
شمالی بہار میںآئے تباہ کن سیلاب کی تباہ کاریاں تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں ، آئے دن نئے نئے علاقے سیلاب کی زد میں آرہے ہیں ، مرنے والوں کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہو تا جارہا ہے۔متاثرین کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے، اب تو وہ اناج بھی ختم ہو گیا جو کچھ لوگ جان بچانے کے ساتھ ساتھ پس انداز کرنے میں کامیاب ہو ئے تھے ، نوبت اب فاقہ کشی اور بھوکے مرنے کی آگئی ہے ۔ میڈیا کے ذریعہ سیلاب کی تباہ کاریوں کی دلدوز خبریں مسلسل مل رہی ہیں جنہیں سن کر اور دیکھ کر کلیجہ منہ کو آتا ہے اور آنکھ خون کاآنسو روتی ہے۔ہزاروں لوگوں کے گھر بار ، مویشی ، اثاثے، کھیت کھلیان باڑھ کی نذر ہو گئے ۔
ایسے وقت میں ہر اس شخص کا قومی و ملی فرض ہے، جس کو اللہ نے اس آفت سے محفوظ رکھا ہے ، کہ وہ اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی مددکر ے اور ان کو مصیبت سے نکالنے میں جس قدر ممکن ہو حصہ لے۔
امارت شرعیہ نے بھی حضرت امیر شریعت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب کی ہدایت پرشمالی بہار کے سیلاب زدگان کو راحت وقتی راحت پہونچانے کا کام شروع کیا ہے اور متاثرین کے درمیان فوڈ پیکٹ اور ضروری اشیاء کی تقسیم کا کام شروع کر دیا ہے ، الحمد للہ پورے بہار کے اہل خیر حضرات نے امارت شرعیہ کی تحریک کا خیر مقد م کیا ہے اور اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ۔
ناظم امارت شرعیہ مولانا انیس الرحمن قاسمی نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے اور ان کے کاموں کی تعریف کی ہے ، جنہوں نے انفرادی و اجتماعی طور پر اپنی اپنی سطح سے متاثرین کی امداد میں حصہ لیا ہے۔ساتھ ہی ناظم صاحب موصوف نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ جو لوگ بھی اپنی امداد مستحقین تک پہونچانا چاہتے ہیں وہ امارت شرعیہ میں اپنی رقم پہونچا دیں یا اشیاء خرید کر دینا چاہتے ہیں تو وہ بھی پہونچا سکتے ہیں ، امارت شرعیہ سے بذریعہ ٹرک فوڈ پیکٹس کی روانگی شروع ہو چکی ہے جو مختلف مراحل میں جا ئے گی ۔فی الحال یہ کام سیمانچل کے ان اضلاع میں ہو رہا ہے جہاں زیادہ تباہی آئی ہے۔
اس فوڈ پیکٹ میں چاول، چوڑا، چنا، دال، چینی ،بسکٹ،گڑ، نمک، ماچس، مومبتی، کڑوا تیل، پینے کے پانی کی بوتل ، پلاسٹک کا ترپال وغیرہ دیا جا رہا ہے ، ایک پیکٹ پر تخمینی خرچ سات سے ساڑھے سات سو روپئے پڑتا ہے۔ ناظم امارت شرعیہ نے امارت شرعیہ کے تمام ذیلی دفاتر کے ذمہ داران اور ذیلی دار القضاء کے قضاۃ کو یہ ہدایت دی ہے کہ وہ مقامی طور پر ریلیف ٹیم بنائیں اور اپنی سطح سے اہل خیر کے تعاون سے فوڈ کٹ تیار کر کے ضرورت مندوں تک پہونچائیں۔
ناظم امارت شرعیہ نے عمومی طور پر تمام اہل خیر سے اپیل کی ہے کہ جو لوگ اس فوڈ پیکٹ کی تقسیم میں حصہ داری لینا چاہتے ہیں وہ نقد رقم یا اشیاء کی شکل میں جلد از جلد امارت شرعیہ پہونچا دیں ۔جو حضرات چیک یا ڈرافٹ کے ذریعہ رقم بھیجنا چاہیں وہ چیک اور ڈرافٹ پر صرف یہ لکھیں:
IMARAT SHARIAH PATNA
مندرجہ ذیل اکاؤنٹ نمبرپر ڈائرکٹ ٹرانسفر بھی کر سکتے ہیں، ان شا ء اللہ آپ کی رقم مصیبت زدگان کی تکلیف دور کرنے کے لیے خرچ کی جائے گی:
A/C Name: IMARAT SHARIAH
A/C No. 10331726226
Bank Name: State Bank Of India
Branch: J.C.Road Parna
IFSC Code: SBIN0001233





