پٹنہ(ملت ٹائمزمحمد اشفاق)
مودی حکومت کی کابینہ کی توسیع میں حال ہی میں قومی جمہوری محاذ (این ڈی اے) میں شامل ہونے والے جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو)کو جگہ نہیں مل سکی۔ اس سے پہلے سیاسی حلقوں میں یہ قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ جنتا دل یونائٹیڈ سے دو لوگوں کابینہ کی توسیع میں وزیر بنایا جاسکتا ہے۔ ان میں سے ایک کابینہ وزیر ہوسکتے ہیں۔ جنتا دل یونائٹیڈ سے جن دو لوگوں کو مرکزی کابینہ کی توسیع میں شامل کئے جانے کی قیاس آرائی ہورہی تھی، ان میں سے ایک آر سی پی سنگھ بھی تھے ، جن کو بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کا قریبی معتمد خیال کیا جاتا ہے۔لیکن آج ہونے والی کابینہ کی توسیع سے واضح ہوگیا کہ کابینہ میں جے ڈی (یو) کی شمولیت کی قیاس آرائی صرف افواہ تھی۔ نتیش کمار نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ان کی پارٹی کو کابینہ کی توسیع میں شامل ہونے کی دعوت نہیں ملی ہے۔ کابینہ کی توسیع کے بارے میں ، انہیں میڈیا سے معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو کابینہ میں شامل ہونے کے لئے ابھی تک رسمی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا ہے ۔ اگر کوئی پیشکش کی گئی تو پارٹی اس پر غور کرے گی۔دریں اثنا، آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے کہا ہے کہ نتیش کمار کو مودی حکومت کی طرف سے مدعو نہیں کئے جانے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تو حلف برداری کی تقریب میں بھی بلایا نہیں گیا، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ نتیش کمار پلٹو رام ہے اور کبھی بھی پلٹی مارسکتے ہیں۔





