کولکاتہ(ملت ٹائمز)
ممبر پارلیمنٹ و ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما سلطان احمد کے انتقال پر وزیر اعظم نریندر مودی ،مغربی بنگا ل کے گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سمیت ریاست کی اہم سیاسی و سماجی شخصیتوں نے ظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلطان احمد کا انتقال سیاسی و سماجی اور ملی سطح پر عظیم نقصان ہے ۔ سلطان احمد کے انتقال پر وزیراعظم نریندر مودی نے سماجی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ لوک سبھا کے ممبر پارلیمنٹ و سابق مرکزی وزیر سلطان احمد کا اچانک انتقال ہوگیا ہے۔میں اس دکھ کے لمحے میں ان کے اہل خانہ اور حامیوں سے تعزیت کرتا ہوں۔
راج بھون سے جاری بیان کے مطابق گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی نے ممبر پارلیمنٹ سلطان احمد کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔جب کہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایک طویل عرصے سے ہماری ساتھی رہے سلطان احمد کا اچانک انتقال ہوگیا ہے ۔میرے لیے ایک بڑا صدمہ ہے میں ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتی ہوں ۔
علاوہ ازیں آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر جناب نوید حامد،انسٹی ٹیوٹ آف ابجیکٹیو اسٹڈیز کے چیرمین ڈاکٹر منظور عالم سمیت متعدد ملی رہنماﺅں نے ملت ٹائمز کو پریس ریلیز بھیج کے اس وفات پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہا ر کیاہے۔
پرائیوٹ نرسنگ ہوم ویل ویو کی جانب سے جاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سلطان احمد کا 11.30بجے صبح انتقال ہوگیا ہے ۔انہیں اسپتال میں مردہ حالت میں ہی لایا گیا تھا ۔خیال رہے کہ انہیں دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال لے جایا گیا تھا۔ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور دوبیٹے ہیں ۔ان کے چھوٹے بھائی اقبال احمد ممبر اسمبلی اور کلکتہ میونسپل کارپوریشن میں ڈپٹی مےئر ہیں ۔
کولکاتامیں نماز عشاءکی بعد جنازہ اور تدفین عمل میں آئی ،محتاط اندازے کے مطابق میں نماز جنازہ میں تقریبا 50 ہزار افراد شریک تھے ۔
مرحوم سلطان احمد 64 سالوں کے تھے ،جون 1953 میں ان کی پیدائش ہوئی تھی ۔





