نئی دہلی ۔8دسمبر (ملت ٹائمز محمد شہنواز )
امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ کی جانب سے القدس کو اسرائیل کی راجدھانی قرار دیئے جانے کے فیصلے کے خلاف آج جمعہ کے روز پوری دنیا میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اہتما م کیا گیا ، فلسطین، ترکی، ملائیشیا، اردن، ایران، مصر، پاکستان، انڈونیشیا، یمن، تیونس، بحرین، صومالیہ، بنگلہ دیش، مراکش، یورپی ممالک اور کئی دوسرے ملکوں میں فلسطینی پرچم اٹھا کر لاکھوں افراد نے القدس کی حمایت اور ٹرمپ کے اعلان کے خلاف جلوس نکالے۔نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد عرب اورمسلمان ممالک میں مظاہروں میں شرکاء نے امریکی صدر ٹرمپ کے پتلے اور تصاویر بھی نذرآتش کیں۔
قابل افسوس بات یہ ہے کہ ہندوستان ان ملکوں میں شامل ہے جہاں مسلمان انڈونیشا کے بعد سب سے زیادہ پائے جاتے ہیں،مسلمانوں کی متعدد بڑی بڑی ملی وسماجی تنظیمیں ہیں لیکن فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جہاںدنیابھر میں آج مظاہر ے کا اہتمام کیا گیاہندوستان میں اس پر ذرہ برابر بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی اور نہ ہی اظہاریکجہتی کے طور پر ہندوستان مسلمانوں کی شرکت ہوسکی ۔ ہندوستان میں جمعیة علماءہند ،آل انڈیا مسلم مجلس مشاروت ،آل انڈیا ملی کونسل ،مرکزی جمعیة اہل حدیث ،جماعت اسلامی ہند ،رضااکیڈمی سمیت کئی بڑی تنظیمیں ہیں تاہم ان میں سے کسی بھی تنظیم کی جانب سے کوئی احتجاجی مظاہر ہ نہیں کیا گیا ۔البتہ ان تنظیموں کے سربراہان نے اردو اخبارات کے نام پریس ریلیز جاری کرکے ٹرمپ کے اقدام کی سخت مذمت ضرور کی ہے ۔





