نریندر مودی نے وزرات عظمی کے منصب کی توہین کی ہے ،اپنی کذب بیانی کیلئے وہ قوم سے معافی طلب کریں: ڈاکٹر منموہن سنگھ

نئی دہلی۔11دسمبر(ملت ٹائمز عامر ظفر)
سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پراپنا ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ میرے تعلق سے ان کا بیان افسوسناک اور جہالت پر مبنی ہے ،منی شنکر ایئر کے گھر پر ہونے والی میٹنگ میں میں شریک نہیں تھا اور نہ اس کی کسی بھی سرگرمی سے میر اتعلق ہے ۔ڈاکٹر منموہن سنگھ نے مزید کہا منی شنکر ایئر کے گھر پر جو میٹنگ ہوئی تھی اس میں ملک مخالف کوئی بات ہونے کے بجائے ہندوپاک کے درمیان رشتہ بہتر بنانے کے بارے میں بات ہوئی تھی ،وہاں صحافیوں کا پینل بھی موجودتھا۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہاکہ نریندر مودی نے سفید جھوٹ بولاہے اورا س طرح غلط بیانی کرکے انہوں نے اپنے عہدہ کی توہین کی ہے، ان کیلئے ضروری ہے وہ قوم سے معافی مانگیں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں گجرات کی ایک ریلی میں خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہاتھاکہ منی شنکر ایئر کے گھر پر پاکستان کے ریتائرڈ آرمی آفیسر کے ساتھ ایک میٹنگ ہوئی جس میں سونیاگاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل کو گجرات کاوزیر اعلی بنانے کا فیصلہ کیاگیا تھااور میرے تعلق سے کئی ساری باتیں ہوئی تھیں،اس میٹنگ میں سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور سابق نائب صدر جمہوریہ حامدانصاری بھی موجودتھے۔