گﺅ شالہ میں گائے چھوڑنے جارہے ٹرک ڈرائیور اور کلینرپر گﺅ رکشکوں کا حملہ

متھرا۔12دسمبر
گﺅ رکشا کے نام پر جاری ملک بھر میں غنڈہ گری کم ہوتی ہوئی نظر نہیں آرہی ہے۔ تازہ واقعہ اترپردیش کے متھرا میں پیش آیا ہے ، جہاں پر بھیڑ نے گایوں کو چھوڑنے کیلئے گﺅ شالہ لے جارہے ٹرک ڈرائیو اور اس کے کلینر کی جم کر پٹائی کردی۔ بتایا جارہا ہے کہ گائیں آوارہ تھیں اور فصلوں کو کافی نقصان پہنچا رہی تھیں ، جس کی وجہ سے ان کو ایک ٹرک میں بھر کر گﺅ شالہ چھوڑنے کیلئے لے جایا جارہا تھا۔
نیوز 18اردو کے مطابق یہ معاملہ تھانہ شیر گڑھ علاقہ کے پےگاوں کے نزدیک پیش آیا ، جہاں مقامی لوگوں کا اطلاع ملی تھی کہ ایک ٹرک میں بھر کر گائیں ذبح کے لئے جائی جارہی تھیں۔ اطلاع ملتے ہی گاوں والے مشتعل ہوگئے اور وہ بڑی تعداد میں ٹرک کو پکڑنے کیلئے نکل پڑے۔ جیسے ہی ان لوگوں کو ٹرک کو دیکھا ، اسے روک لیا اور ٹرک ڈرائیور اور کلینر کے جم کر پٹائی شروع کردی۔
واقعہ کی اطلاع جب پولیس کو ملی تو وہ بھی جائے واقعہ پر پہنچ گئی ، مگر مشتعل بھیڑ کو پولیس کا بھی کوئی خوف نہیں تھا اور وہ اس کے سامنے ہی دونوں کی پٹائی کرتے رہے۔ مشکل سے پولیس نے دونوں کو بھیڑ سے چھڑایا۔ یہی نہیں جب پولیس دونوں کو پکڑ کر تھانہ لے جارہی تھی تو بھی لوگوں نے ہنگامہ کرنا شروع کردیا۔ بھیڑ دونوں کو کسی بھی قیمت پر چھوڑنے کیلئے تیار نہیں تھی۔
سی او چندر دھر گوڑ کے مطابق ان گایوں کو برسانا میں واقع رمیش بابا کی گﺅ شالہ میں لے جایا جارہا تھا۔ ان میں جو گائیں تھیں وہ آوارہ تھیں اور بسئی گاوں کے کھیتوں کو کافی نقصان پہنچا رہی تھیں ، اس لئے ان کو کسانوں نے پکڑ کر گﺅ شالہ بھجوایا تھا۔ جس ٹرک سے گائیں بھیجی جارہی تھیں ، اس کو گرام پردھان کا ایک خط بھی دیا گیا تھا ، جس میں واضح طور پر لکھا گیا تھا کہ ان گایوں کو چھوڑنے کیلئے برسانا میں واقع رمیش بابا کی گﺅ شالہ میں لے جایا جارہا ہے۔