یونان میں سعودی سفارت خانہ پر دہشت گردانہ حملہ ،رووی کوناس گروپ نے قبول کی ذمہ داری

ایتھنز۔15دسمبر(ملت ٹائمز ایجنسیاں)
یونان میں شدت پسندوں کے ایک گروہ نے ناصرف دن دیہاڑے سعودی سفارتخانے پر ہلہ بول دیا بلکہ اس مذموم اقدام کی تصاویر بھی فخریہ طور پر اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کی ہیں۔
ویب سائٹ ’پروٹوتھرما‘ کے مطابق شدت پسند گروپ ’رووی کوناس‘ نے یونانی دارالحکومت ایتھنز کے علاقے پالیو سائیکیکو میں واقع سعودی سفارتخانے پر چڑھائی کر دی اور بعد ازاں اپنی ویب سائٹ پر حملے کی تصاویر پوسٹ کر دیں۔ اس گروپ کی جانب سے سعودی شاہی خاندان، سعودی قوانین اور یمن پر بمباری کے خلاف سخت تنقید کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ گروپ یونانی حکومت کی جانب سے سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت کی حمایت پر بھی سیخ پا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔