گوہاٹی(ملت ٹائمز)
مولانا بدر الدین اجمل قاسمی کی قیادت والی پارٹی آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف)کے جنرل سکریٹری اوربلاسی پارہ ویسٹ سے ایم ایل اے جناب حافظ بشیر احمد قاسمی کو آسام اسمبلی میں گزشتہ سال2018کے دوران عمدہ کار کردگی اور بہترین ا نداز میں مسائل کو اٹھانے کی وجہ سے آج انہیں اسمبلی کے اسپیکر نے”بیسٹ پر فورمر آف دی ایئر“ قرار دیا۔ ان کی کار کردگی کو سراہنے کے لئے سرٹیفیکٹ کے ساتھ انہیں ایک لاکھ کا چیک بھی دیا گیا جسے انہوں نے پلوامہ حملہ کے شہیدوں کےاہل خانہ کی فلاح والے فنڈ میں دے دیا۔
اگست1960 میں آسام کے دھبری ضلع کے بلاسی پارہ کے باشندہ جناب حافظ نور احمد مرحوم کے گھر پیدا ہونے والے حافظ بشیر احمد قاسمی ایک بہترین حافظ قرآن اور دارالعلوم دیوبند کے مایہ ناز فاضل ہیں۔انہوں نے دار العلوم دیوبندسے فضیلت کے بعد آسام مدرسہ ایجوکیشن بورڈ ‘سے ایم اے فرسٹ ڈویژن سے پاس کیا۔اس کے بعد حافظ بشیر احمد صاحب نے عصری درسگاہ کا رخ کیا اور وہاں بھی اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا۔ انہوں نے گوہاٹی یونیورسیٹی سے گریجویشن کیا اور اسی سال1948میں انہیں یونیورسیٹی کا ‘ بیسٹ گریجویٹ قرار دیا گیا۔اس کے بعد انہوں نے گوہاٹی یونیورسیٹی سے ہی ایم اے انگلش کیا جس میں انہیں ‘گولڈ میڈل ‘سے نوازا گیا نیز انہیں یونیورسیٹی کا ‘بیسٹ پوسٹ گریجویٹ’ قرار دیا گیا۔ تعلیم کی تکمیل کے بعد حافظ بشیر احمد قاسمی گوہاٹی کے ‘کوٹون کالج’ میں لیکچرر ہوگئے،اس کے ساتھ ہی وہ مختلف رفاہی،سماجی اور دینی اداروں سے منسلک ہوکر لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئےکام کرنے لگے۔ وہ مرکز المعارف ہوجائی کے پبلیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سکریٹری، مرکز دار الیتامی گوالپارہ کے ناظم ، جمعیت علمائ صوبہ آسام کے جنرل سکریٹری اور اے آئی یو ڈی ایف کے بھی جنرل سکریٹری ہیں۔
حافظ بشیر احمد قاسمی اے آئی یو ڈی ایف کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ مولانا بد رالدین اجمل قاسمی کے معتمد خاص ہیں اور جب 2005 میں مولانا بد رالدین اجمل صاحب نے بزرگوں کے اصرار اور آسام کے مسائل کے پیش نظر ایک پارٹی بنائی تو حافظ بشیر احمد صاحب پوری طرح پارٹی سے وابستہ ہو گئے اس کے بعد 2006 / 2011 اور2012 میں ہوئے آسام اسمبلی کے انتخابات میں وہ لگاتار بلاسی پارہ سے ممبر آف اسمبلی منتخب ہوتے آئے ہیں۔ وہ 2011 سے ۲۰۱۶ کی آسام اسمبلی میں’ لیڈر آف اپوزیشن’ بھی رہے ہیں اور فی الحال2016 سے آسام اسمبلی میں اے آئی یو ڈی ایف کے لیڈر آف ہاوس ہیں۔
حافظ بشیر احمد قاسمی صاحب اے آئی یو ڈی ایف کے جنرل سکریٹری ہیں اور انہیں بیسٹ پر فورمر’ کا ایوارڈ ملنا انکی قابلیت ،صلاحیت اور لوگوں کے مسائل اٹھانے میں ان کی دلچسپی کو اجاگر کرتا ہے۔ اے آئی یو ڈی ایف کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ مولانا بد رالدین اجمل قاسمی نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حافظ بشیر احمد قاسمی کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اور انہوں نے کہا ہے کہ یہ ایوارڈ اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ اے آئی یو ڈی ایف پارٹی اور اس کے ممبران لوگوں کے مسائل قانون ساز اسمبلی اور پارلیمنٹ میں اٹھانے میں انتہائی سنجیدہ ہے۔






