دربھنگہ میں مودی نے دہشت گردی کو ملک کیلئے سب سے بڑا مسئلہ بتایا۔ریزرویشن سے کوئی چھیڑچھاڑ نہیں کر سکتا

دربھنگہ25 اپریل( آئی این ایس انڈیا )
کل تک دہشت گردوں کی کمر توڑنے کا وعدہ کرنے وا لی مرکزی سرکار ابھی بھی دہشت گردوں کے مسائل سے پریشان نظر آتی ہے ، اس کی مثال مودی کے بیان میں ہی ملتی ہے ، مودی نے بہار کے دربھنگہ کی ایک ریلی کے خطاب میں قومی سلامتی اور دہشت گردی کو نئے ہندوستان کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا اورریزرویشن نظام کو لے کر اپوزیشن کے الزامات کو سرے سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی کے بھی حق سے کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں ہوگی۔ دربھنگہ میں ایک انتخابی ریلی میں مودی نے ریزرویشن کے سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں کے الزامات کو افواہ بتایا۔ مودی نے زور دے کر کہا کہ این ڈی اے کی حکومت نے بابا صاحب امبیڈکر کے بتائے راستے کو مضبوط کیا ہے۔ لیکن ووٹ کے لئے مہا ملاوٹ (مہاگٹھ بندھن )افواہیں پھیلانے میں مصروف ہیں، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ جب تک مودی ہے تب تک ریزرویشن میں کسی کے بھی حق سے کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں ہوگی۔ اپوزیشن جماعتوں پر نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس دہشت گردوں نے سری لنکا میں 350 سے زیادہ معصوموں کی جان لے لی، کیا وہ مسئلہ نہیں ہیں؟ ہمارے پڑوس میں دہشت گردی کی فیکٹری چل رہی ہے اور حزب اختلاف کہتے ہیں کہ دہشت گردی مسئلہ ہی نہیں ہے۔مہا ملاوٹ کرنے والوں، آپ کے لئے دہشت گردی مسئلہ نہیں ہو گا، لیکن نئے بھارت میں یہ بہت بڑا مسئلہ ہے۔ یہ نیا ہندوستان ہے، یہ دہشت گردی کے اڈوں میں گھس کر مارے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک مضبوط ہونا چاہئے اور اس کے لئے حکومت مضبوط ہونا چاہئے۔اپنی حکومت کی عوامی بہبود کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ انتخابات کے بعد جب دوبارہ این ڈی اے کی حکومت بنے گی، تو ہم وزیر اعظم کسان سمان فنڈ منصوبہ سے 5 ایکڑ کی شرط ہٹا کر اس اسکیم کا فائدہ ملک کے تمام کسانوں کو پہنچائیں۔آر جے ڈی پر چٹکی لیتے ہوئے مودی نے کہا کہ میں نتیش اور سشیل کو مبارک باد دیتا ہوں کہ انہوں نے بہار سے لالٹین کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے رخصت کر دیا اور ہر گھر میں بجلی پہنچا دی۔