ووٹرس کو موبائل پر آڈیو پیغام : اروند کیجریوال کو نوٹس جاری

نئی دہلی(ایم این این )
موبائل فون صارفین کو مبینہ طورپرانتخابی مہم کے لیے آڈیوپیغام بھیجے جانے کی شکایت ملنے پرانتخابی حکام نے آپ سپریمواوروزیراعلیٰ اروند کیجریوال کو وجہ بتاﺅنوٹس جاری کیاہے۔ساتھ ہی، ان کی نگرانی کمیٹی سے حاصل سرٹیفکیٹ سونپنے کوکہاہے۔دراصل، حکام کو یہ شکایت ملی ہے کہ ریکارڈ شدہ آڈیو پیغام انتخابی مہم کے لیے پارٹی نے موبائل فون صارفین کوبھیجے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے لوک سبھا انتخابات کے لیے سیاسی اشتہارات اور تشہیری مواد کو منظوری دینے کو لے کر ریاست اور ضلع سطح پرمیڈیا اورنگرانی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ مشرقی دہلی کے انتخابات افسرکے مہیش نے دو مئی کی تاریخ والے اپنے وجہ بتاﺅ نوٹس میں کیجریوال سے منسلک دستاویزات ہفتے کی شام چار بجے سے پہلے سونپنے کو کہا ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ایسا نہ کرنے پر یہ تصور کیا جائے گا کہ آپ کے پاس کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے اور انتخابی قانون اور اس کے تحت بنے قوانین کے مطابق کارروائی شروع کی جائے گی۔ نوٹس کے مطابق کمیٹی کو 23 اپریل کو ایک صارف سے اس بارے میں شکایت ملی ہے کہ عام آدمی پارٹی کا ایک ریکارڈ شدہ پیغام سیاسی تشہیرکے لیے تمام موبائل فون صارفین کو بھیجا جا رہا ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی نے معاملے کی جانچ کی اور اس بات کی تصدیق ہوئی کہ آپ کنوینر (اروند کیجریوال) کے کئی ریکارڈ شدہ آڈیو پیغام پارٹی کی سیاسی تشہیرکے لیے تمام موبائل فون صارفین کو بھیجے جا رہے ہیں۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انتخابی مہم میں ایک ساتھ بھاری مقدار میں پیغام بھیجنا بھی اشتہارات کے سابق سرٹیفیکیشن کے دائرے میں ہوگا۔