بلرام پور4 مئی (آئی این ایس انڈیا)
سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے ہفتہ کو بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ جو حکومت آوارہ جانوروں سے عوام کی حفاظت نہیں کر پا رہی ہے وہ دہشت گردی سے حفاظت کس طرح کرے گی۔اکھلیش نے بلرام پور میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آوارہ جانوروں کے معاملے پر بی جے پی کو گھیرا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے ملک کی حفاظت کا دعوی کرنے والے بی جے پی کے لوگ آوارہ جانوروں تک سے حفاظت نہیں کر پا رہے ہیں۔ وہ دہشت گردی سے حفاظت کیسے کریں گے۔انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگر آوارہ گھوم رہے بیل کسی کو مار کر زخمی کردیتا ہے تو اس کا مقدمہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر درج ہونا چاہئے، کیونکہ انہوں نے آوارہ جانوروں کے مسئلے کو حل کرنے کی کوئی ٹھوس پہل نہیں کی۔وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے ایس پی-بی ایس پی-آر ایل ڈی اتحاد کو مہاملاوٹ کہے جانے پر انہوں نے کہا کہ اگر سیاست میں بڑی نفاست کسی نے پیش کی ہے تو وہ بی جے پی ہی ہے۔ بی جے پی خود 38 جماعتوں سے مل کر حکومت چلا رہی ہے، لیکن اس کے باوجود بھی وہ ملاوٹ سے پاک ہے۔ سچائی یہ ہے کہ مہا گٹھ بندھن نے ان کی نیند اڑا دی ہے۔






