نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا)
شام 7 بجے تک پولنگ فیصد دیکھیں تو 7 ریاستوں کی 59 سیٹوں پر کل 61.14 فیصد ووٹنگ درج کی گئی ہے۔ سب سے زیادہ 80.16 فیصد ووٹنگ کی شرح مغربی بنگال میں ریکارڈ کی گئی ہے۔ شام 7 بجے تک دہلی میں 56.11 فیصد، ہریانہ میں 62.91 فیصد، اترپردیش میں 53.37 فیصد، بہار میں 59.29 فیصد اور جھارکھنڈ میں 64.46 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔مدھیہ پردیش میں 60.40 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔ بھوپال سے کانگریس کے امیدوار دگ وجے سنگھ نے کہا کہ میں ووٹ ڈالنے کے لئے راج گڑھ نہیں جا پایا اور جس پر مجھے افسوس ہے۔ اگلی بار میں اپنا نام بھوپال میں رجسٹر کراؤں گا۔ ہریانہ کے فتح آباد کے والمیکی چوک میں بوتھ نمبر 53 کے پاس دو فریقوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں اور فائرنگ ہوئی ہے۔ ووٹنگ کرکے واپس لوٹ رہے گاڑی سوار لوگوں پر حملہ کیا گیا۔ تنازعہ کے دوران فائرنگ اور دو گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک طرف کے لوگ ووٹنگ کرکے گاڑیوں میں آ رہے تھے۔ دوسری طرف کے لوگوں کے سامنے آنے کے بعد دونوں کے درمیان تنازعہ ہوا۔تنازعہ میں ایک فریق نے موقع پر فائرنگ کی۔ فی الحال ڈی ایس پی موقع پر پہنچے ہیں اور بھاری پولیس فورس موقع پرہے۔ مغربی بنگال کے گھاٹل لوک سبھا علاقے کے مغرب مدناپور میں کانگریس امیدوار محمد سیف اللہ سے مارپیٹ کی گئی ہے۔ مارپیٹ کرنے کا الزام ٹی ایم سی پر ہے۔






