رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی نے پریاگ راج کے ایک پرائمری ہیلتھ سنٹر میں گندگی اور کتے کے بچوں کو دیکھنے کے بعد بیان میں کہا تھا کہ اترپردیش کے اسپتالوں میں کتوں کے بچے پیدا ہوتے ہیں۔
اترپردیش کے اسپتالوں پر متنازعہ تبصرے کرنے کے معاملے میں گرفتار کئے گئے دہلی کے سابق وزیرقانون و عام آدمی پارٹی (عآپ) کے ایم ایل اے سومناتھ بھارتی کوسلطان پور کی خصوصی ایم پی/ایم ایل اے عدالت میں پیش کیا گیا۔ خصوصی عدالت کے جج پی کے جینت نے انہیں 14 دنوں کی عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق دہلی کے سابق وزیر قانون اوردہلی کی مالویہ نگر سیٹ سے رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی نے پریاگ راج کے ایک پرائمری ہیلتھ سنٹر میں گندگی اور کتے کے بچوں کو دیکھنے کے بعد بیان جاری کرکے کہا تھا کہ اترپردیش کے اسپتالوں میں کتوں کے بچے پیداہوتے ہیں۔ اتوار کو جاری اس بیان پر جگدیش پور کے رہنے والے شوبھناتھ ساہو نے تعزیرات ہند کی دفعہ 153 اے اور 505 کے تحت مقدمہ درج کرادیا۔ جس میں رائے بریلی کے ایک گیسٹ ہاوس سے پیر کو پولیس نے سومناتھ بھارتی کو گرفتارکرلیا اور ان کے وکیل نے گرفتاری پر عدالت میں سوال اٹھایا۔ عدالت نے سماعت کے لئے 13 جنوری کی تاریخ مقررکی ہے۔
واضح رہےعام آدمی پارٹی نے اپنےرکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کی قیادت میں اتر پردیش اسمبلی انتخابات لڑنے کا اعلان کر دیا ہے اور پارٹی اتر پردیش میں اپنی موجودگی درج کرانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہی ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ عام آدمی پارٹی کی جتنی مقبولیت بڑھے گی اتنا ہی زیادہ بی جے پی کو فائدہ ہوگا کیونکہ وہ بی جے پی مخالف پارٹی کا ووٹ ہی کاٹے گی۔ کانگریس کا یہ الزام ہے کہ عام آدمی پارٹی دراصل بی جے پی کی’ بی ‘ٹیم ہے۔