اقرأ گرلس انٹرنیشنل اسکول مسلم لڑکیوں کی تعلیم کا مستحسن فریضہ انجام دے رہا ہے : کے سی تیاگی

نئی دہلی : (ملت ٹائمز ۔ محمد شہنواز ناظمی)

اقراگرلس انٹرنیشنل اسکول،جیت پور اور اقرا انٹرنیشنل اسکول، شاہین باغ کاشاندار سالانہ تعلیمی وثقافی پروگرام مشترکہ طور پرجامعہ ملیہ اسلامیہ کے فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی کے آڈیٹوریم میں نہایت تزک واحتشام کے ساتھ منقعقد ہوا۔ اس پروگرام میں جناب کے سی تیاگی سابق ایم پی اورقومی ترجمان جنتادل یونائیٹڈ نے بطور چیف گیسٹ (مہمان خصوصی) شرکت کی۔ علاوہ ازیں معزز مہمانوں میں انجمن منہاج رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے صدر مولانااطہر حسین دہلوی ، مدرسہ بورڈ اتراکھنڈ کے چیرمین مولانازاہد رضارضوی، شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیوٹ کے صدر مولاناعطاء الرحمن قاسمی، مرکزی جمعیت اہلحدیث ھند کے شعبۂ تنظیم کے کنوینر مولاناہارون سنابلی، مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے میڈیاکوارڈینیٹر ڈاکٹر شیث ادریس تیمی، مولانا عمیرمدنی، مفتی جمیل احمد مدنی، مولاناعبدالرحمن سنابلی، مولاناجبرئیل مدنی، مولانانیاز احمد فیضی، ڈاکٹر محمد قاسم عادل ندوی، ایڈیٹر روزنامہ خبریں قاسم سید،چوتھی دنیا کے ایڈیٹر اے یو آصف، معروف عالم دین مولاناابوالمکارم ازہری وغیرہ نے اسکول کے سالانہ پروگرام میں اپنی شرکت کے ذریعہ اسے رونق بخشا اورپروگرام میں حصہ لینے طلباوطالبات کی ہمت افزائی کی۔


بچوں کے پروگرام کے باقاعدہ آغاز سے پہلے جامعہ ابوبکر الصدیق الاسلامیہ کے اہم ذیلی ادارہ المرکز الاسلامی الثقافی الہندی للترجمۃ والتالیف نئی دہلی کے رکن مولانا محمد فضل الرحمن ندوی نے تمام مہمانوں کا صمیم قلب سے استقبال کرتے ہوئے اسکول کے سالانہ تاریخی پروگرام میں شرکت کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس کے بعد باقاعدہ پروگرام کا سلسلہ شروع ہوا۔ اقراگرلس انٹرنیشنل اسکول جیت پوراوراقراء انٹرنیشنل اسکول شاہین باغ کے بچوں نے اپنے دلکش تعلیمی وثقافتی مظاہرے سے ناظرین کومسحورکیااورخوب داد وتحسین حاصل کی۔ بچوں نے تلاوت کلام پاک، احادیث نبویہ کے ساتھ اردواورانگریزی زبانوں میں اس کے ترجمے بھی پیش کئے۔ علاوہ ازیں مختلف دینی وسماجی اوراصلاحی موضوعات پراردو، ھندی، انگریزی زبانوں میں اپنی اثر انگیز تقریروں سے سامعین کے ذہن ودماغ پرگہرااثر چھوڑااوران سے دعائیں لیں۔ دہشت گردی ، حجاب ، ماں کی اہمیت ، ارکان اسلام اورتوہم پرستی جیسے اہم ترین موضوعات پر بچوں نے دلکش اوراثر انگیز ڈرامے پیش کرکے سامعین کومبہوت کردیا۔
پروگرام کے مہمان خصوصی عالی جناب کے سی تیاگی نے کہاکہ آج اقرااسکول کے ننھے منے بچوں نے اپنے حیرت انگیز ڈرامے سے دھشت گردی کے خلاف جوپیغام دیاہے ویساطاقتورپیغام اس لعنت کے خلاف مجھے کسی اسٹیج سے دیکھنے کونہیں ملا۔ انہوں نے کہاکہ ان بچوں نے اپنی صلاحیت اوراپنے پیغام سے مجھے حدردرجہ متاثر کیاہے اورمجھے یہ حوصلہ بخشاہے کہ میں اس ملک کے آئین اوراس کی گنگاجمنی تہذیب وروایت کی لڑائی کواورزیادہ حوصلہ اورطاقت کے ساتھ لڑسکوں گا۔ انہوں نے کہاکہ آج اس ملک میں آئین کے تحفظ کے لئے اقلیتوں سے زیادہ کوئی بیدار نہیں ہے، اس سمت میں اقلیتوں کی جدوجہد قابل ستائش اورلائق مبارکباد ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ جب تک جامعہ ملیہ اسلامیہ اور اقراء اسکول جیسے ادارہ ملک میں صحیح علم ونظریہ کی روشنی پھیلاتے رہیں گے ملک مخالف لوگ اپنی تخریبی سرگرمیوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے جامعہ ابوبکر صدیق الاسلامیہ سوسائٹی اوراس کے ماتحت چلنے والے دوردرجن سے زائد تعلیمی وتربیتی ادارہ کی شاندار خدمات کوسراہااوراس کے بانی وصدر حضرت مولانااصغر علی امام سلفی اورڈائرکٹر محمد اظہراصغر علی مدنی کوملک بھر میں شاندار تعلیمی وتربیتی خدمات کے لئے مبارکباد پیش کیا۔
اس موقع پر اپنے تاثرات کااظہار کرتے ہوئے اتراکھنڈ مدرسہ بورڈ کے چیرمین جناب مولانا زاہد رضارضوی نے کہاکہ جامعہ ابو بکر صدیق الاسلامیہ سوسائٹی کے بانی حضرت مولانا اصغر علی سلفی اوراسکول کے ڈائرکٹرمحمد اظہر مدنی نے ایک پسماندہ اورغیر آباد مقام پر اسکول قائم کرکے بلند ہمتی کاثبوت دیاہے۔ اسکول کے بچے اپنے شاندار تعلیمی مظاہرہ سے یہ پیغام دے رہے ہیں کہ اقراء انٹرنیشنل اسکول کامستقبل نہایت تابناک ہے۔ یہ اسکول بہت آگے جائے گا اورجلدہی یہ اسکول تعلیم کے میدان میں اپنی حیرت انگیز خدمات کے ذریعہ ایک یونیورسٹی کی شکل اختیار کرجائے گا۔
جناب مولانا محمد ہارون سنابلی نے کہا کہ میں نے گزشتہ سال بھی اقرأ اسکول کے سالانہ تعلیمی پروگرام میں شرکت کی تھی اور آج ایک سال بعد جب بچوں کے تعلیمی مظاہرہ کو دیکھا تو حیرت زدہ رہ گیا۔ اسکول میں بچوں کی ہمہ جہت صلاحیت کو پروان چڑھانے کا کام بہت تیزی کے ساتھ انجام پارہا ہے۔ اقرأ اسکول اپنے بچوں کے حیرت انگیز تعلیمی مظاہرہ کی وجہ سے بہت آگے نظر آرہا ہے۔انہوں نے بچوں کے گارجینس سے کہا کہ اقرأ اسکول میں آپ کے بچوں کی مثالی تعلیم و تربیت کا بہترین انتظام ہے اور بچوں کی تمام ضروریات کی تکمیل کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔یہاں تعلیم، تربیت، دین اور دعوت سب کچھ موجود ہے۔آپ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے بچوں کا مستقبل سنوارنے کے لئے انہیں اقرأ اسکول میں داخل کرائیں۔
مفتی عطاء الرحمن قاسمی نے کہا کہ آج نئی نسل میں تعلیم تو نظر آتی ہے لیکن صحیح تربیت نہ ہونے کی وجہ سے ان میں دین سے بیزاری اور دوری نظر آتی ہے۔انہوں نے گارجینس سے درخواست کی کہ ہم سب لوگ اپنے بچوں کی اچھی تعلیم کے ساتھ ان کی بہترین تربیت کا اہتمام کریں تبھی ہمارے بچے جدید ہندوستان کے معمار بن سکتے ہیں۔
جدیو لیڈر شیامل کشور سنگھ نے کہا کہ اقرأ اسکول کے بچوں کا مستقبل بہت اجول اور تابناک ہے۔ اسکول میں بچوں کو جیسی شکشا دکشا دی جارہی ہے، اس سے صاف طور پر نظر آتا ہے کہ یہ بچے سچے دیش بھکت اور دیش کے سیوک اور رکشک بنیں گے۔
اقرأ اسکول کے ڈائرکٹر مولانا محمد اظہر اصغر علی مدنی نے تمام مہمانوں کا دل کی گہرائیوں سے استقبال کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے اس پروگرام میں اپنی شرکت کو یقینی بنایا۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام گارجینس اپنے بچوں کی ہمہ جہت ترقی اور ان کے روشن مستقبل کے متمنی ہوتے ہیں۔اسی کے پیش نظر ہم لوگوں نے اقرأ انٹرنیشنل اسکول میں عصری و دینی علوم کے امتزاج سے آپ کے بچوں کے مستقبل کو روشن و تابناک بنانے کا مکمل انتظام کیا ہے۔آپ پورے اعتماد کے ساتھ اپنے بچے ہمارے حوالے کریں،ہم انہیں روشن مستقبل عطا کریں گے اور آپ کو بچوں کی تعلیم کے دوران کوئی رکاوٹ پیش آئے تو ہم سے رجوع کریں ہم اپنے وسائل سے اسے دور کرنے کی کوشش کریں گے۔
پروگرام کے دوران اسکول کے ڈائرکٹر محمد اظہرمدنی نے سامعین کے لئے سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے موضوع پر ایک مختصر کوئز کمپٹیشن کا اعلان بھی کیا۔سامعین کی دلچسپی کے لئے ان سے سیرت نبوی سے متعلق سوالات کئے گئے اور صحیح جواب دینے والوں کو سیرت نبوی پر لکھی گئی شیخ محمود شاکر رحمہ اللہ کی تالیف سیرت رسول رحمت مترجم حضرت مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی اور موبائل فون کی شکل میں قیمتی انعامات سے نوازا گیا۔علاوہ ازیں دوران پروگرام جامعہ ابوبکر الصدیق الاسلامیہ سوسائٹی اور اس کے ماتحت اداروں کی دینی، دعوتی، تربیتی اور اصلاحی و رفاہی خدمات سے حاضرین کو متعارف کرانے کے لئے ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جسے حاضرین نے توجہ و انہماک کے ساتھ دیکھا اور ملک و قوم و ملت کے لئے ادارہ گرانقدر کی خدمات کو سراہا۔
پروگرام کے آخری حصہ میں اسکول کے مینیجر محمد رئیس فیضی نے ان معلمات اور طلباء و طالبات کے ناموں کا اعلان کیا جنہیں میڈلس اور توصیفی اسناد دینے کے لئے منتخب کیا گیا تھا اورمعزز مہمانوں کے ہاتھوں حسن کارکردگی کے لئے منتخب معلمات کو میڈلس اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔علاوہ ازیں سال گزشتہ اسکول کے سالانہ امتحان میں ہر کلاس میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو معزز مہمانوں کے ہاتھوں میڈلس عطا کئے گئے۔نیز پروگرام میں تعلیمی وثقافتی مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کو مہمانان گرامی کے ہاتھوں دیوار گھڑی دی گئی۔