محمود ہال میں منعقد جمعیۃ علماء ہند کی میٹنگ میں مولانا حسیب صدیقی کا اظہار خیال
دیوبند(ملت ٹائمز؍سمیر چودھری)
جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام آئندہ 4؍ اپریل کو دیوبند میں نشہ وفحاشی مخالف کانفرنس کا انعقاد کئے جانے سے متعلق شیخ الہند ہال میں ایک میٹنگ منعقد کا انعقاد کیاگیا ،جس میں جمعیۃ علماء سہارنپور و دیوبند کے ذمہ داران وعہدہ داران نے شرکت کی۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے خازن مولانا حسیب صدیقی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند مسلمانوں کی ایک ایسی جماعت ہے جس نے ملت کی ہر ضرورت کے وقت رہنمائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اندر دنیا بھر کے عیوب پیدا ہوچکے ہیں، چوری، بے ایمان، وعدہ خلافی، فحاشی، عریانیت اور نشہ خوری جیسی برائیوں ے ہمارے دل ودماغ پر قبضہ جمالیا ہے جس سے چھٹکارا پانا از حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی تعمیر وترقی اُسی صورت میں ممکن ہے جب وہ اسلام کے آفاقی اصولوں پر قائم رہے۔ اس وقت سب سے زیادہ ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان نسل کو فحاشی اور نشہ خوری کی لعنت سے بچایا جائے۔ انہوں نے کانفرنس کی تیاریوں کے لئے ضلعی اور مقامی یونٹ کے ذمہ داران سے تعاون کی اپیل کی۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور کے صدر مولانا ظہور احمد نے اپنے خطاب کے دوران جمعیۃ کے قام اور اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہماری نوجوان نسل مغربی نظام کے سانچے میں پھنسی ہوئی ہے اس لئے دینی واخلاقی طور پر بے حد پسماندہ ہے وہ اس وقت پرخطر راہ پر ہے دینی واخلاقی پسماندگی کے علاوہ وہ مغربیت سے اس قدر مرعوب ہوچکی ہے کہ عریانیت، فحاشی اور نشیلی اشیاء کا استعمال ان کے یہاں اب کوئی معیوب بات نہیں رہ گئی ہے۔ لہٰذا اس خطرناک خرابی کے سد باب کے لئے جمعیۃ علماء ہند نے فیصلہ کیا ہے ۔ مولانا ظہور نے بتایا کہ آئندہ 4؍ اپریل کو ہونے والے اس پروگرام کے لئے دیوبند کی سرزمین کا انتخاب کیا گیا ہے تاکہ دیوبند سے یہ اہم پیغام ملک کے گوشہ گوشہ تک پہنچے۔ جمعیۃ علماء کے ضلع جنرل سکریٹری ذہین احمد نے نشہ مخالف کانفرنس کی غرض وغایت کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کے موقع پر بلاک دیوبند اور شہر دیوبند وتحصیل کا انتخاب بھی عمل میں آئے گا۔پروگرام کی۔صدارت مولانا حسیب صدیقی نے کی اور نظامت کے فرائض مولانا عبد المنان نے انجام دئیے۔آخر میں شہر سکریٹری عمیر احمد عثمانی نے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پرمولانا عرفان، ڈاکٹر عبد الرحیم، قاری محمد ایوب، حاجی محمد زید سمیت دیگر کارکنان موجود رہے۔