دینی تربیتی درسگاہ معہد الطیب میں لڑکیوں کو تحریروتقریر کی صلاحیت سے آراستہ کرنے کیلئے ’’بزم عائشہ‘‘کا قیام

مسلم طالبات کا تحریر وتقریر کے فن میں دلچسپی لینا اور اس کیلئے انجمن کا قیام لائق ستائش اقدام :شمس تبریز قاسمی
نئی دہلی (سید محمد ذوالقرنین ؍ملت ٹائمز)
دینی تربیتی درس گاہ معہد الطیب نبی کریم میں طالبات کو تحریر وتقریر سکھانے کی غرض سے بزم عائشہ کے نام سے ایک انجمن قائم کیاگیا ہے جس کا مقصد مسلم طالبات کو تحریر وتقریر کے فن سے آراستہ کرنا اور انہیں بولنے اور لکھنے کی صلاحیت سے سرشار کرنا ہے ،بزم عائشہ کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ملت ٹائمز کے ایڈیٹر مفتی شمس تبریز قاسمی نے کہاکہ تحریر وتقریر کی صلاحیت سے آراستہ ہونا اور ان فنون میں مہارت حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ،زبان وقلم کے ماہرین نے ہردورمیں انقلاب برپا کیا ہے اور کسی بھی تحریک کی کامیابی میں ان چیزوں کا نمایاں دخل ہوتاہے ،جو شخص اچھی اور شگفتہ گفتگو کرنے پر قدرت رکھتاہے وہ ہر قدم پر کامیا ب ہوتاہے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں وہ اس کا فائدہ اٹھاتاہے ،شمس تبریز قاسمی نے مزیدکہاکہ مسلم بچیوں صحافت وخطابت سکھانے کی غرض سے بزم عائشہ کا قیام لائق صدتحسین ہے ،ان بچیوں کو کل ہوکر ملت کی ترجمانی کرنی ہے ،ٹی وی چیلنوں پر،مباحثوں اور مختلف پروگراموں میں انہیں اسلام کی صحیح تصویر پیش کرنی ہے آج اگر ان کی صحیح تربیت کی جائے گی انہیں تقریر کرنے اور لکھنے کے طریقوں کو بتلایاجائے گا تو یہ مزید بہتر انداز میں ان فرائض کو انجام دیں گی ۔انہوں نے ادارہ کے ناظم مولانا عامر ظفر قاسمی کو اس اہم اقدام کیلئے مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر طالبات نے بھی تقریر اور مکالمہ پر مشتمل انتہائی خوبصورت پروگرام پیش کیا ۔محمد عبداللہ کی تلاوت پر تقریب کا آغاز ہوا ،حمیرا صائمہ نے نعت نبی پیش کی ،گلفشاں نے نظم پیش کی ،حمیرا صائمہ نے اسلام میں پردہ کی اہمیت پربہت شاندار تقریر پیش کی ،صائمہ پروین نے جہیز کے موضوع پر تقریر کی ،گلفشاں نے بھی تقریرمیں حصہ لیا،خدیجہ اور زینب نے جہیز اور مسلم معاشرہ کے موضوع پر سنجیدہ اور فکر انگیز مکالمہ پیش کیا ،ثنا اور فضاء نے عربی زبان میں محادثہ پیش کیا ،رقیہ اور عفت نے مشترکہ طور پر قرآن کریم ترجمہ کیساتھ پیش کیا،شائستہ سامعہ نے تقریر پیش کی۔تقریب میں محلہ کے مختلف لوگوں نے شرکت کی جن میں محمد عرفان صاحب،محمد مرتضی صاحب،محمدکامران صاحب،محمد ممتازصاحب،محمد افسرعلی صاحب ،محمد افتخارصاحب کے نام سرفہرست ہیں ۔نظامت کا فریضہ مولانا اسامہ سیفی قاسمی استاذ مدرسہ شمس العلوم شاہدرہ نے انجام دیا ۔مہمان خصوصی کی حیثیت سے حافظ عبد الحلیم صاحب نے شرکت کی ۔اخیر میں مولانا عامر ظفر قاسمی نے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا ۔