حکومت بدلتے ہی استعفوں کا سلسلہ شروع ،ڈاکٹر نواز دیوبندی نے دیا اردو اکیڈمی کے چیرمین سے استعفی

دیوبند(ملت ٹائمز؍سمیر چودھری)
سماجواد ی حکومت کے جاتے ہی آئینی عہدوں پر فائز سماجوادی لوگوں کے استعفیٰ کا سلسلہ شروع ہوگیا اور آج معروف شاعر و اردو اکیڈمی یوپی کے چیئرمین ڈاکٹر نواز دیوبندی نے اردو اکیڈمی اترپردیش کے چیئرمین عہدہ سے اپنا استعفیٰ دے دیاہے ۔ ڈاکٹر نواز دیوبندی نے یہ اطلاع یہاں بھائیلہ بائی پاس روڈ پرواقع مقامی عصری ادارہ نواز گرلز پبلک اسکول میں مقامی اخبار نویسوں سے گفتگو کے دوران دی۔ ڈاکٹر نواز دیوبندی نے بتایا کہ انہوں نے آج اترپردیش اردو اکیڈمی کے چیئرمین عہدہ سے اپنا استعفیٰ دے دیاہے ۔ صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر نواز دیوبندی نے بتایاکہ انہوں نے اردو اکیڈمی میں تین سال کے دوران نمایاں خدمات انجام دیں ہیں۔ ڈاکٹر نواز دیوبندی نے کہا کہ انہوں نے اپنی صلاحیتوں کے مطابق اردو کی بقا اور ترقی کے لئے جو کچھ کرسکتے تھے وہ کیا اور آئندہ آنے والوں کے لئے ایک راہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ڈاکٹر نواز دیوبندی نے بتایاکہ انہوں نے موجودہ زمانہ کے پیش نظر اردو کو الیکٹرانک ماحول سے ہم آہنگ کرنے کی بھرپورجدوجہد کی ہے تاکہ آنے والی نسلیں اس سے مستفیض ہوسکیں۔انہوں نے کہاکہ اردو زبان کی ترقی کے لئے انہوں نے اردو آئی اے ایس اسٹڈی سینٹر کا قیام کرکے اردو سے محبت رکھنے والے بچوں کو نئی راہ دکھانے کی کوشش کی اورامید کرتے ہیں آئندہ حکومتیں اس پہل کو مزید وسعت دینگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اورکابینی وزیر محمد اعظم خان نے جس طرح اردو کی ترقی کے لئے کام کیا ہے وہ اردو کی تاریخ کا سنہری باب ہے۔ ڈاکٹر نواز دیوبندی نے کہا کہ اردو کی بقا اور ترقی کے لئے اور فروغ تعلیم کے لئے وہ اپنے مشن کو ہمیشہ جاری رکھیں گے اور امید کرتے ہیں صوبہ میں اقتدار میں آئی نئی حکومت اردو کی بقاء و ترقی کے لئے سنجیدہ اقداما ت کریگی۔