نئی دہلی(ملت ٹائمز )
کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کا نام ملک اور دنیا میں 27سے زیادہ انتخابی شکست کے لیے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہو سکتا ہے ۔اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں کانگریس کو ملی کراری شکست اور گوا اور منی پور میں بھی اکثریت ثابت نہ کر پانے کے بعد راہل گاندھی اپنی ہی پارٹی کے لیڈروں کے نشانے پر آ گئے ہیں، حالانکہ کانگریس لیڈر ان کھل کر تو نہیں، دبی زبان سے ہی بول رہے ہیں کہ راہل مشکل دور سے گزر رہے ہیں کیونکہ ان کی قیادت میں پارٹی الیکشن نہیں جیت پا رہی ہے۔دراصل، مدھیہ دیش کے وشال دیوان نے خط میں لکھا ہے کہ کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس اب تک 27الیکشن ہار چکی ہیں،خط میں وشال نے لکھا ہے کہ دنیا میں اتنے انتخابات ہارنے کا ریکارڈ شاید ہی کسی کے نام درج ہو۔وشال نے خط میں لکھا ہے کہ راہل گاندھی کا نام ان کی قیادت میں دنیا میں سب سے زیادہ انتخابات ہارنے کے ریکارڈ کے طور پر درج ہو، دیوان نے گنیز بک انتظامیہ کو لکھے خط کے ساتھ ضروری فیس ادا بھی کر دی ہے۔دیوان کو گنیز بک کی جانب سے ان کی درخواست کو قبول کئے جانے کی تصدیق کی جا چکی ہے ،لیکن ابھی تک یہ پتہ نہیں چل پایا ہے کہ گنیز بک انتظامیہ اس ریکارڈ بک میں اس کی منظوری دے گی یا نہیں۔اگر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں یہ نام درج ہو جاتا ہے تو کانگریس اور راہل گاندھی کے مخالفین کو گھر بیٹھے ایک اہم مسئلہ ہاتھ آ جائے گا اور سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ یوزرس کوٹرول کرنے کا ایک اور موقع مل جائے گا ۔