کانگریس ممبران پارلیمنٹ کا مطالبہ ، مدارس کے مسائل حل کرنے کیلئے مرکزی مدرسہ بورڈ کی تشکیل کی جائے

نئی دہلی : (ملت ٹائمز )
کانگریس ممبران پارلیمنٹ نے بدھ کو راجیہ سبھا میں مدرسوں سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مرکزی مدرسہ بورڈ قائم کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس نے مدرسوں کی تجدیدکاری اور ان میں پڑھانے والے ملازمین کو سرکاری تنخواہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔کانگریس ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے وقفہ صفر میں مدرسوں کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہاکہ اتر پردیش میں تقریباً 8525 تسلیم شدہ مدارس ہیں، لیکن ان میں سے 562 مدرسوں کو ہی سرکاری گرانٹ مل رہی ہے۔ انہوں نے مدرسوں کی تجدید کاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان مدرسوں میں 20 سال کام کرنے کے بعد بھی اساتذہ کو باقاعدہ نہیں کیا گیا ہے۔ سنگھ نے کہا کہ مدارس سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مرکزی مدرسہ بورڈ قائم کیا جانا چاہیے اور ان کے ملازمین کو سرکاری تنخواہ دی جانی چاہیے ۔ وہیں وقفہ صفر میں ڈپٹی چیئرمین پی جے کورین نے بھی اسے سنگین معاملہ بتایا اور پارلیمانی امور کے وزیر مملکت مختار عباس نقوی سے کہا کہ وہ وزیر خزانہ کو ممبران کی تشویش سے مطلع کریں۔ قابل ذکر ہے کہ ملک میں مدرسوں کے مسائل کو لے کر پہلے بھی کئی بار ایسے مطالبات اٹھتے رہے ہیں۔