اتحاد فرنٹ دہلی کارپوریشن کی سبھی سیٹوں پر کھڑا کرے گی اپنا امیدوار

 

نئی دہلی: 26؍ مارچ ( ملت ٹائمز) کارپوریشن انتخابات میں مسلم اور سیکولر ووٹوں کی تقسیم روکنے کیلئے وجود میں آیا میں دہلی اتحاد فرنٹ کی سرگرمیاں زوروں پر ہیں۔ آج فرنٹ کی جانب سے مزید ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ امبیڈکر نیشنل کانگریس کے قومی صدر نواب کاظم علی خان کو فرنٹ کا صدر بنایا جائے اور فرنٹ کے سبھی رہنماؤں نے فرنٹ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے قبول کیا۔اس کے علاوہ دہلی اتحاد فرنٹ کے نائب صدر انڈین یونین مسلم لیگ کے دہلی پردیش صدر مولانا نثار احمد حسینی نقشبندی ، جبکہ کورڈینیٹر انڈین نیشنل لیگ کے دہلی پردیشن صدر رفیع احمد اور امبیڈکر سماج کے مصور انصاری کو بنایا گیاہے ۔میٹنگ کورڈینیٹر آئی یوایم ایل کے دہلی نائب صدر معین قریشی اور آئی یوایم ایل کے دہلی پردیش جنرل سیکریٹری محمد عمران اعجاز کو بنایا گیا ہے ۔ فرنٹ کے میڈیا کورڈینیٹر کی ذمہ داری فلاح الدین فلاحی کو دی گئی ہے ۔ میٹنگ میں ویلفیئر پارٹی آف انڈیاکے دہلی پردیش صدر سراج طالب ، پیس پارٹی کے اقبال انصاری ، امبیڈکر نیشنل کانگریس سے ایم ایل رام ، امبیڈکر سماج پارٹی سے دنیش کمار، بھارتی ایکتا مجلس سے حامد علی اختر ، شیخ فیصل حسن، جاوید احمد سمیت ایک بڑی تعداد میں دیگر پارٹیوں کے نمائندے موجود تھے ۔اس موقع پر مولانا نثار احمد نے بتایاکہ دہلی اتحاد فرنٹ دہلی کارپوریشن کی سبھی 272 سیٹوں پراپنے امیدوار اتارے گی۔