پٹنہ.(ملت ٹائمز / سیماب اختر )
بہار میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین پھر سے نئے طریقے سے میدان میں اترنے کے لئے کمر بستہ ، ہم پارلیمانی الیکشن میں پوری طاقت سے الیکشن لڑیں گے ۔ یہ باتیں مجلس کے ریاستی نوجوان صدر ایڈوکیٹ عادل حسن آزاد نے الفہیم ریسٹورنٹ، سمن پورہ، راجہ بازار، پٹنہ میں ایک ریاستی سطح کی میٹنگ کے دوران کہی۔
نوجوان صدر نے مجلس کے ورکروں سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اندر اخلاص لائیے ، مسلکی ، فقہی ، گروہی ، ذات پات کی لڑائی کو بالائے طاق رکھ کر محض معاشرے کی تعمیرو ترقی کے لئے کام کرنے کا عزم لیکر اٹھیے ۔ انہوں نے دلت مسلم اتحاد کو مزید مضبوط کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ چاہے وہ کسی بھی دھرم ، ذات پات کے لوگ ہوں ان سے اچھے اخلاق سے پیش آئیے ان کے ساتھ ہوئی نا انصافی سے انہیں باخبر کیجیے ۔ ایڈوکیٹ صاحب نے خطاب کے دوران ہی کہا کہ نوجوان جنرل سکریٹری کا عہدہ چونکہ خالی ہے اور مجھے بہت دنوں سے تلاش تھی ایک ایسے شخص کی جو ایمانداری اور دیانتداری سے پارٹی کے لئے کام کریں ۔ اور ایسے ہی شخص کے لئے ہماری پارٹی میں جگہ بھی ہے آج مجھے ایک ہونہار لیڈر اشفاق احمد ملا ہے جو کئی صلاحیتوں کے مالک ہیں ۔ ایک طرف جہاں حافظ قرآن ہیں وہیں عالم دین بھی ہیں آپ نئی نسل کے شعراء میں بھی شمار کیے جاتے ہیں ۔اسلامیہ بی ایڈ کالج سے بی ایڈ کررہے ہیں ایک اچھے مقرر بے باک صحافی اور معیاری شاعری کرتے ہیں ۔آپ نے یوپی اسمبلی الیکشن میں پارٹی کے لئے مسلسل ایک ماہ تک الیکشن کیمپینگ کی ہے۔ اپنے دھن میں پکے ہیں مجلس سے حقیقی محبت کرتے ہیں۔ ہم اپنی ٹیم سے مشورے کے بعد اشفاق احمد کو ایم آئی ایم پارٹی کے لئے بہار ریاستی نوجوان جنرل سکریٹری منتخب کرتے ہیں جس پر وہاں موجود تمام محبان مجلس نے تائید کی ۔ وہیں سمستی پور نوجوان ضلعی صدر کے لئے سید خالد کا انتخاب ہوا ، جہان آباد ضلع کے لئے فرحان احمد کو نوجوان ضلعی صدر کے لئے منتخب کیا گیا ۔ بہار کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے محبان مجلس موجود تھے جن میں دربھنگہ سے فائق امام ، مدھوبنی سے عاقب جاوید ، سوپول سے فصیح الدین ، مظفرپور سے عابد عزیز ، و دیگر موجود تھے میٹنگ کے اختتام سے پہلے دعاوں کا اہتمام کیا گیا ۔