نئی دہلی(ملت ٹائمز،عامر ظفر)
سابق وزیر دفاع منوہر پاریکر گوا کے وزیر اعلی بننے کے بعد جمعہ کو راجیہ سبھا پہنچے۔پاریکر کے راجیہ سبھا پہنچنے پر کانگریسیوں نے جم کر ہنگامہ کیا، لیکن وزیر اعلی نے پرسکون رہتے ہوئے گوا میں حکومت بنانے کے لیے کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ کا شکریہ ادا کیا، یہ ہنگامہ کر رہے کانگریسیوں کے لیے پاریکر کی طرف سے کرارا جواب تھا۔دراصل، کانگریسیوں کا الزام تھا کہ گوا میں بی جے پی نے تمام قاعدے و قانون کو طاق پر رکھتے ہوئے حکومت بنائی ہے، سب سے بڑی پارٹی ہونے کے بعد بھی کانگریس وہاں حکومت بنانے میں ناکام رہی ۔راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کے دوران پہنچے منوہر پاریکر نے صدر، نائب صدر اور دیگر ارکان کا شکریہ ادا کیا۔راجیہ سبھا میں پاریکر نے جیسے ہی بولنا شروع کیا، کانگریسی اراکین نے ہنگامہ شروع کر دیا، لیکن اسی دوران پاریکر نے دگ وجے سنگھ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔پاریکر نے کہاکہ میں وزیر دفاع کے طور پر اپنی مدت کار کے دوران آپ کے تعاون کے لیے ایوان کے صدر، نائب صدر اور اراکین کا شکریہ اداکرتا ہوں اور گوا آنے کے لیے انہیں مدعو کرتا ہوں، وہ جب بھی چاہیں، گوا آئیں۔کانگریسی اراکین کے ہنگامے کے درمیان انہوں نے کہاکہ معزز رکن دگ وجے سنگھ کا میں خصوصی طورپر شکریہ اداکرتاہوں ، جو گوا میں تھے، لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا، جس کی وجہ سے میں نے حکومت بنا لی۔دگ وجے سنگھ نے راجیہ سبھا میں گوا کی گورنر مردلا سنہا کے طرز عمل پر بات چیت کرنے کے لیے ایک ٹھوس تجویز پیش کی ہے، جو دو ہفتے سے زیر التوا ہے۔راجیہ سبھا میں منوہر پاریکر کے لیے الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا، الوداعی تقریب کے بعد انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور پھر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔