نئی دہلی(ملت ٹائمز،شہنواز)
بچوں میں گٹکھے کی بڑھتی لت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لوک سبھا میں آج مرکزی حکومت سے سگریٹ اور گٹکھے کی مصنوعات پر مکمل پابندی لگائے جانے کا مطالبہ کیا گیا ۔وقفہ صفر میں ایوان میں اس مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے بی جے پی کے دیوجی پٹیل نے کہا کہ بچے گٹکھا کھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گٹکھے اور سگریٹ پر ٹیکس تو بہت لگایا گیا ہے لیکن اس کے استعمال پر روک تھام نہیں لگ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گٹکھے اور سگریٹ سے ملنے والے ٹیکس پراسپتال بنائے جاتے ہیں ، بیداری کے لیے اشتہار شائع کئے جاتے ہیں ،لیکن اگر حکومت ان دونوں چیزوں کی مصنوعات پر ہی روک لگا دے تو اشتہارات پر خرچ ہی نہیں کرنا پڑے گا۔بی جے پی کی ہی ہیما مالنی نے کسانوں کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کسانوں کے کھیتوں میں ہی مٹی کی جانچ کے لیے موبائل مٹی جانچ لیب کا بندوبست کرے تاکہ کسانوں کو کھیت میں ہی مٹی جانچ کارڈ فراہم کرایا جا سکے۔کانگریس کے گرجیت سنگھ اوجلا نے امرتسر کے انٹر نیشنل ہوائی اڈے سے سنگاپور، یورپ اور کینیڈا کے لیے براہ راست پرواز کی سہولت شروع کئے جانے کا مطالبہ کیا۔بی جے پی کے رتن لال کٹاریا نے کروکشیتر کے کرشن سڑک کی طرز پر امبالہ کے تاریخی مقامات کو جوڑنے ہوئے گرو گووند سنگھ سڑک کی تعمیر کا کا مطالبہ کیا۔بی جے پی کے کنور سنگھ، ادت راج، رتی پاٹھک ، ودیت مہتو، گنیش سنگھ، رنجن بھٹ، اوم برلا، چھیدی پاسوان، جیوتی دھروے اور بیریندر کمار، شیوسینا کے چند رکانت کھرے اور اروند ساونت، کانگریس کے اے ایچ خان،گورو گوگوئی اور چودھری ، تامر دھوج ساہو نے بھی وقفہ صفر میں عوامی اہمیت کے مسائل کو اٹھایا ۔