مسلم پرسنل لاء بورڈ ویمنس سنگ کا تحفظ شریعت اور اصلاح معاشرہ سیمینار اختتام پذیر
پٹنہ(محمد اشفاق ساقی؍ملت ٹائمز )
آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ کے زیر اہتمام پٹنہ کے حج بھون میں یک روزہ سیمینار کا انعقاد گذشتہ روز کیا گیا۔ اس سیمینار کی کنوینر ڈاکٹر مہہ جبیں ناز جو کہ اس تنظیم کی ریاست بہار کی کوآرڈینیٹر ہیں، نے اس پورے پروگرام کی نظامت کی۔ اس سیمینار کا عنوان تحفظ شریعت اور اصلاح معاشرہ تھا جس پر متعدد مقررین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ریاست بہار کے مختلف گوشوں سے خواتین نے شرکت کی اور بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مسلم خواتین کو درپیش مسائل اور اس کے حل پر خواتین مقررین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بیش قیمتی مشورے دیئے۔ اس موقع پر محترمہ امامہ فرحت، محترمہ حذیفہ شکیل، محترمہ شائستہ پروین، محترمہ خوشنما پروین اور ڈاکٹر عائشہ پروین نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ویمنس ونگ کی چیف آرگنائزر ڈاکٹرآسمہ زہرہ نے کہا کہ تین طلاق کے معاملے میں سماج میں ان دنوں غلط فہمیاں پھیلائی جارہی ہیں اور جو طبقے اس کے بارے میں صحیح معلومات نہیں رکھتے وہ بھی اس بارے میں بول رہے ہیں جبکہ تین طلاق کے سلسلے میں شریعت میں واضح طورپر جانکاری دی گئی ہے۔ اس معاملے میں اگر شریعت پر صحیح ڈھنگ سے عمل کیا جائے تو کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں خواتین کو کئی طرح کے حقوق دے کر ان کے مفادات کا تحفظ کیا گیا ہے۔ڈاکٹر عائشہ نے مسلم خواتین کو تعلیم، صحت ، تربیت، خدمت اور سیاسی بیداری کی ضرورت اور اس کو حاصل کرنے کے طریقے پر اپنی بات رکھی۔ وہیں دیگر خواتین مقررین نے طلاق اور پردہ جیسے مسئلے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو اسلامی تعلیمات کی جانکاری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پردہ کا مطلب صرف کالا برقع نہیں بلکہ ایسا لباس ہونا چاہئے جس سے کہ جس کا کوئی بھی حصہ دکھائی نہ دے۔تقریب کی صدارت کررہے پروفیسرشکیل قاسمی نے خواتین کے مسائل ، قوم کی ذمہ داری اور حکومت کی بیجا مداخلت پر اپنی بات مرکوز رکھی۔ اس یک روزہ سیمینارمیں حصہ لینے آئی خواتین کے لئے انٹرایکشن سیشن بھی رکھا گیا تھا جس میں ڈاکٹر مہہ جبیں ناز ، ڈاکٹر عائشہ پروین اور صدر جلسہ نے ان کے سوالوں کے جواب دیئے۔ ڈاکٹر مہہ جبیں ناز نے کہا کہ بہار میں اس طرح کا یہ پہلا انعقاد ہے اور میری کوشش رہے گی کہ مسلم خواتین اور ان کے مسائل کو لے کر عنقریب ہی سہرسہ پورنیہ اور گیا سمیت پوری ریاست میں اس طرح کے سیمینار اور ورکشاپ جلد ہی منعقد کروائے جائیں۔ جس کی مدد سے مسلم خواتین میں تعلیم، صحت شریعت اور درپیش مسائل کو لے کر بیدار پیدا کی جاسکے۔ انہوں نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ویمنس ونگ کی چیف آرگنائزر ڈاکٹرآسمہ زہرہ کی جانب سے ان کے پیغام کو پڑھ کر سنایااور دوردراز سے آئی ہوئیں خواتین کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے برائیوں کو روکنے کی سمت میں لڑکیوں سے اپیل کی کہ وہ نکاح سنت طریقے سے کریں اور لڑکے والوں سے بھی ایسی درخواست کریں۔ اس موقع پر موجود لڑکیوں نے حلف لیا کہ وہ سنت طریقے سے نکا ح کریں گی، ساتھ ہی خواتین نے بھی حلف لیا کہ وہ اپنی بچیوں کی شادی سنت طریقے سے کریں گی۔ خود ڈاکٹر مہہ جبیں ناز نے بھی کہا کہ وہ سنت طریقے سے ہی نکاح کریں گی۔