جموں وکشمیر میں وزیر اعظم نے ملک کی سب سے طویل سرنگ کا افتتاح کیا

نئی دہلی(عامر ظفر ؍ملت ٹائمز )
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ہندوستان کی سب سے طویل سرنگ کا افتتاح کیا۔جموں -سری نگر ہائی وے پر چینانی اور ناشری کے درمیان ہندوستان کی سب سے طویل سڑک سرنگ بنائی گئی ہے۔افتتاح کے بعد مودی نے کھلی جیپ میں سرنگ کا معائنہ کیا ، اس سرنگ سے 30کلومیٹر کی مسافت کم ہو جائے گی ، اس سے روزانہ تقریبا 27لاکھ روپے کے ایندھن کی بچت ہو گی ۔چینانی سے ناشری کے درمیان بنی یہ سرنگ ملک کی سب سے طویل سرنگ تو ہے ہی، ساتھ ہی سب سے زیادہ اسمارٹ سرنگ بھی ہے، یہ عالمی معیار کی خوبیاں ہیں،سیکورٹی کے پختہ انتظامات ہیں،سرنگ کے اندر ایسے کیمرے لگے ہیں جو 360ڈگری ویو دیتے ہیں،ساتھ ہی سرنگ میں موبائل نیٹ ورک سے لے کر انٹرنیٹ تک بھی چلتا ہے۔یہ سرنگ 9.2کلو میٹر طویل ہے، جو جموں کے ادھم پور ضلع کے چینانی علاقے سے شروع ہوکر رام بن ضلع کے ناشری نالہ تک تعمیر کی گئی ہے۔تقریبا تین سو کلومیٹر جموں -سری نگر نیشنل ہائی وے پر 3720کروڑ روپے کی لاگت سے چینانی -ناشری سرنگ بن کر تیار ہو گئی ہے۔چینانی ناشری سرنگ میں سی سی ٹی وے کیمرے لگے ہوئے ہے، جن کے ساتھ آٹومیٹک انسڈنٹ ڈٹیکشن سسٹم لگاہوا ہے۔کیمروں کی مدد سے سرنگ کے اندر ہر گاڑی کی نقل وحرکت پر نظر رکھی جاتی ہے، سرنگ میں کل 124سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں، ساتھ ہی سرنگ کے اندر ٹریفک کاؤنٹنگ کیمرے بھی لگائے گئے ہیں جو گاڑیوں کی تعداد کا حساب رکھتا ہے ۔اس کے علاوہ سرنگ کے باہر دونوں طرف پین ٹلٹ زوم کیمرے لگائے گئے ہیں جو 360ڈگری پر گاڑی کی ہر نقل وحرکت پر نظر رکھتا ہے۔