سماجی برائیوں کے سدباب کے لئے یہ کانفرنس سنگ میل ثابت ہوگی
اخبار نویسوں سے گفتگو کے دوران مولاناحکیم الدین قاسمی اور مولانا حسیب صدیقی کااظہار خیال
دیوبند(سمیر چودھری،ملت ٹائمز)
جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند جرائم اور اخلاق سوز رسم و رواج سے پاک معاشرہ کی تشکیل کے لیے ہمیشہ کوشاں رہی ہے ، بالخصوص سماج کے وہ طور و طریق جو موجودہ دور میں سماجی روایات کے بجائے متعدی جرم بن چکی ہیں ، ان کے خاتمہ کے لیے ہر ممکن جدوجہد کرتی رہی ہے اور آج دیوبند میں منعقد ہونے والی یہ کانفرنس ان شاء اللہ ان برائیوں کے خاتمے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے آج یہاں شیخ الہند ہال میں واقع مقامی میڈیا سے گفتگو کے دوران کانفرنس کے مقاصد کو بیان کرتے ہوئے کہاکہ شراب نوشی اور فحاشی و عریانیت نے سماج کو پوری طرح تباہ کرکے رکھدیا ہے اسلئے جمعیۃ علماء ہند رواں سال نشہ اور فحاشی کے خلاف مہم چلاکر سماج میں بیداری پیدا کرنے کے مشن پر کام کررہی ہے اور اس کانفرنس میں ایسی تمام برائیوں کے سد باب کے طریقوں پر غور کیا جائے گا۔انھوں نے سماج میں پنپ رہی جہیز، سودی کاروبار، جنین کشی اور غیر اسلامی طریقے سے طلاق دینے جیسے غلط کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ دیوبند میں منعقد ہونے والی آج کی قومی یکجہتی کانفرنس میں ان کی روک تھام کے لائحہ عمل پیش کیے جائیں گے۔ مولانا نے کہا کہ یہ کانفرنس قومی اور ملی اتحاد کا آئینہ دار بھی ہے ، مشترک سماجی اور ملی مسائل میں برداران وطن کو شریک کرنا اور ان کے ساتھ ایسی تحریکوں کو چلانا یہ جمعےۃ علماء ہند کی قدیم روایت رہی ہے ۔ اس موقع پر قومی یکجہتی کانفرنس کی استقبالیہ کمیٹی کے سرپرست مولانا حسیب صدیقی خازن جمعیۃ علماء ہند نے کہا کہ اسلام ایک دین فطرت ہے ، اس میں کوئی ایسی ہدایات یا تعلیمات نہیں ہیں، جو ذرہ برابر بھی انسان اور انسانیت کے لیے نقصان دہ ہوں، کیوں کہ یہ کسی انسان کا بنایا ہوا دستور نہیں ہے بلکہ خود خالق فطرت کا عطا کردہ شریعت ہے، جس میں نہ کسی نقص کا شائبہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی کمی کی گزر ہوسکتی ہے لیکن موجودہ دور میں منصوبہ بند طریقے سے مذہب اسلام کے بارے میں غلط فہمیاں پھیلانے کی مذموم مہم چلا رہے ہیں ،وہیں دوسری طرف مسلمان خود اسلام مخالف کردار اوراسلامی طرز حیات کے خلاف زندگی گزارنے کی وجہ سے غیر قوموں کی نگاہ میں اسلام کی شبیہ داغدار ہونے کا سبب بن رہے ہیں ، فرد ہو یا معاشرہ دونوں سطحوں پر ہم اسلامی تعلیمات سے دور ہوتے چلے جارہے ہیں، جس کی وجہ سے غیر مسلموں کو اسلام پر انگلی اٹھانے کا موقع مل رہا ہے۔ ایسی صورت حال میں ہمارا کیا کردار ہونا چاہیے اور اس کے لیے کون کونسی مناسب تدابیر اختیار کی جانی چاہیے ، ان تمام حوالوں سے اجلاس میں بات کی جائے گی۔انھوں نے کانفرنس کے دیگر ایجنڈوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اس کانفرنس میں اور کئی اہم ایجنڈے ہیں ، جس میں مسلمانوں کی تعلیمی اور اقتصادی مسائل و حالات ، قومی و ملی معاملات میں مسلکی تحفظات سے اوپر اٹھ کر متحدہ جدوجہد کرنے پر زور اور قومی یک جہتی کے فروغ بھی شامل ہے۔ کانفرنس کے تعلق سے معلومات دیتے ہوئے کنوینر سید ذہین احمد جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور نے بتایا کہ سرزمین دیوبند آج ۴؍اپریل شام پانچ بجے قومی یکجہتی کانفرنس کا انعقاد ، جمعیۃ علماء ہند کے نشہ اور فحاشی مخالف مہم ۲۰۱۷ کا حصہ ہے ۔جس میں جمعےۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری قائد جمعیۃ مولاناسید محمو اسعدد مدنی کے علاوہ ، آچاریہ پرمود کرشنم، مولانا متین الحق اسامہ صدر جمعیۃ علما ء یوپی اوربرادران وطن کے ذمہ دارا ر افرا د کو مدعو کیا گیا ہے ۔انہوں نے کانفرنس کی کامیابی کے لئے کثیرتعداد میں شرکت کی اپیل کی۔ اس دوران مولانا ابراہیم قاسمی، عمیر احمد عثمانی،صدر الدین انصاری وغیرہ موجودرہے۔
نشہ اور فحاشی سماجی برائیوں کی جڑ ہے :مولانا شمشیر الحسنی
دیوبند میں منعقد ہونے والی قومی یکجہتی کانفرنس کے بابت رامپور منیہاران میں میٹنگ کاانعقاد
جمعیۃ علماء ہند کے زیراہتمام دیوبند میں منعقد ہونے والی قومی یکجہتی کانفرنس کے بابت ایک میٹنگ کاانعقاد قصبہ رامپور منیہاران کے موضع چرراہوں میں واقع دینی ادارہ جامعہ دعوۃ الحق معینیہ میں کیاگیا۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند مجلس منتظمہ کے رکن مولانا شمشیر الحسنی قاسمی نے حاضرین کو بتایاکہ جمعیۃ علماء ہند سال 2017ء کو نشہ اور فحاشی مخالف مہم کے طورپر منارہاہی ہے،جس کے تحت متعدد شہروں میں اس نوعیت کے پروگراموں کاانعقاد کیاجارہاہے، دیوبند میں آج منعقد ہونے والی یہ کانفرنس بھی اسی مہم کا حصہ ہے جس کامقصد بلاتفریق تمام سماجی برائیوں کاخاتمہ کرناہے۔ انہوں نے کہاکہ شراب نوشی غیر انسانی فعل ہے جس سے انسانی عقل زائل ہوجاتی ہے جو اکثر سماجی برائیوں کی وجہ ہوتی ہے،اسی طرح بے حیائی انسانی سماج کا ذلیل ترین عمل ہے جو تباہی کی جانب لے جاتا ہے،اس کے علاوہ دیگر تمام سماجی برائیوں کا سدباب جمعیۃ علماء کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہاکہ قرآن کریم میں ان تمام برائیوں کے خلاف سخت وعیدیں آئی ہیں اسلئے ان تمام سماجی برائیوں کو ختم کرنے کے لئے جمعیۃ علماء ہند سے کندھے سے کندھا ملاکر ساتھ دیں۔ اس موقع پر قاری شاہنواز،فرمان ملک،محمد ارشد ماجری،آفتاب احمد،گلفام احمد،مولانا افتخار،مستقیم،حافظ شمشاد،عاشق ،انتظار ،حاجی نواب،مولانا حسین،سفیان،محمد صابر،مولانا وسیم،عمر مادھو پوری وغیرہ موجودرہے۔ اس سے قبل مولانا شمشیر الحسنی کی قیادت میں جمعیۃ علماء ہند کے تحصیل عہدیدان و کارکنان نے گاؤں چکوالی،ہلگویا،گھاٹ ہیڑی،چررہوں،جندھیڑہ،ڈھاکا دئی،ماجری وغیرہ دیہی مواضعات کا دورہ کرکے لوگوں سے دیوبند میں آج منعقد ہونے الی قومی یکجہتی کانفرنس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔