لکھنؤ(ملت ٹائمز )
اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے آج خبردار کیا کہ نقل مافیا سے سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کوچنگ چلانے والے اساتذہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت بھی دی ہے ۔ریاستی حکومت کے ایک ترجمان نے آج بتایا کہ وزیر اعلی محسوس کرتے ہیں کہ ریاست کے تعلیمی نظام میں کافی اصلاحات کی ضرورت ہے، ریاستی حکومت اس میں اصلاح کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔جہاں ایک طرف یہ کوشش کی جائے گی کہ تمام امتحانات وقت پر ہوں، وہیں دوسری طرف ریاستی حکومت بھی کوشش کرے گی کہ نقل پر مکمل طور پر لگام لگے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نقل کروانے والوں اور ایسے مراکز پر سخت کارروائی کرے گی۔نقل پر ہر حال میں روک لگائی جائے گی۔داغدار مراکز کو نشان زد کر کے انہیں بلیک لسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی جائے گی۔یوگی نے کل دیر رات شاستری بھون میں تعلیم کو لے کر ہوئی میٹنگ کے دوران کہا کہ ریاست کے تعلیمی نظام کی سطح کو بہتر بنانے کے لیے نقل مافیا سے نمٹنا ضروری ہے، اس کے لیے حکومت سبھی طرح کے مؤثر قدم اٹھائے گی۔انہوں نے سرکاری اساتذہ کی طرف سے کوچنگ سینٹر چلانے پر سخت رخ اختیار کرتے ہوئے ایسے اساتذہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت بھی دی ۔انہوں نے کہا کہ ہر حال میں یقینی بنایا جائے کہ اسکولوں میں زیادہ سے زیادہ 200دنوں کے اندر نصاب مکمل کرایا جائے، اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے، تمام اسکولوں میں اساتذہ اور طلبا ء کی باقاعدہ حاضری کی بایومیٹرکس کے ذریعے مانیٹر کی جائے۔ساتھ ہی اسکولوں میں باقاعدہ پڑھائی کو یقینی بنایا جائے، اس کی بھی کوشش کی جائے گی ۔





