بریلی (ملت ٹائمز )
اتر پردیش کے قریشی سماج نے گؤکشی نہیں کرنے کا بڑا فیصلہ لیا ہے۔آل انڈیا جمعیتہ القریش اترپردیش کے نائب صدر حاجی شکیل قریشی نے کہا ہے کہ اب ان کی برادری کے لوگ گؤکشی اوران کی خرید و فروخت نہیں کریں گے اور اس فیصلہ کو نہ ماننے والوں کا حقہ پانی بند کر دیا جائے گا۔ان کا کہنا ہے کہ ذاتی مفاد کے لیے کسی کی مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا حق ہمیں یا کسی کو بھی نہیں ہے، اسی کے پیش نظر یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔اس اعلان کے بعد اگر برادری سے وابستہ کوئی شخص ایسا کرتا ہے تو اس کا سماجی طور پر بائیکاٹ کیا جائے گا، ایسے لوگوں کے یہاں برادری کے لوگ کسی شادی اور دیگر تقریب میں شامل نہیں ہوں گے اور نہ ہی اپنے یہاں انہیں مدعو کریں گے ۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بڑے جانوروں کو ذبح کرنا اوران کی خرید فروخت ان لوگوں کا کاروبار اور بنیادی حق ہے، اگر اس میں کسی طرح کی یا رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، تو قریشی برادری تحریک چلائے گا۔حاجی شکیل قریشی نے کہا کہ کچھ لوگوں کی وجہ سے پوری برادری بدنام ہوتی ہے، ہمارا مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو صاف اور بہترین گوشت دستیاب کرایا جائے ۔اس کے لیے ہم گاؤں اور شہر میں الگ ٹیم بنائیں گے، جو گائے ذبح کرنے اور ا س کا کاروبار کرنے والوں پر نظر رکھے گی اور پولیس کو اس کی اطلاع دے گی ۔