تعلیم نسواں کے مشہور مرکزجامعہ عائشہ للبنات میں 9 اپریل کو ختم بخاری شریف کی تقریب

مدھوبنی(ملت ٹائمز)
بہار میں تعلیم نسواں کے مشہور مرکزاور عظیم دینی وتربیتی درس گاہ جامعۃ عائشہ للبنا ت نورچک ،مدھوبنی میں آئندہ کل یعنی 9 اپریل 2017 بروز اتوار کو ختم بخاری شریف کی تقریب منعقد ہورہی ہے ۔اس تقریب میں جامعۃ عائشہ للبنات کی طالبات کو بخاری شریف کا آخری درس مشہور عالم دین حضرت مولانا محمد قاسم صاحب مظفر پوری قاضی شریعت بہار، اڑیسہ ،جھارکھنڈ دیں گے اور ان کی ہی دعاء پر اس تقریب کااختتام ہوگا۔ ملت ٹائمز کو یہ اطلاع جامعۃ عائشہ للبنات کے صدر المدرسین مولانانسیم اختر قاسمی صاحب نے دی۔
واضح رہے کہ جامعہ عائشہ للبنات بہارمیں لڑکیوں کی تعلیم وتربیت کیلئے ایک معتبر اور مستند ادارہ مانا جاتا ہے اور انتہائی کم وقت میں اس ادارے نے عظیم کامیابی حاصل کی ہے اور دن بہ دن ترقی کی جانب رواں دواں ہے ،یہاں صاف شفاف ماحول میں مسلم لڑکیوں کو دینی تعلیم سے آراستہ و پیراستہ کیا جاتاہے ، مدھوبنی سمیت پورے بہار میں جامعہ عائشہ للبنات کو خصوصی مقام حاصل ہے اور بڑی تعداد میں مسلم طالبات یہاں زیر تعلیم ہیں۔