برکھا کو کانگریس نے6سال کے لئے دیکھایا باہر کا راستہ

نئی دہلی،(ملت ٹائمز ، ایجنسیاں)
کانگریس نائب صدر راہل گاندھی پر سنگین الزام عائد کرنے والی برکھا شکلا سنگھ کو کانگریس نے پارٹی سے 6سال کے لیے باہر کر دیا ہے۔انہیں پارٹی مخالف سرگرمیوں کی وجہ سے باہر کاراستہ دکھایا گیاہے ۔برکھا نے اسے لے کر ٹوئٹ بھی کیا ہے۔انہوں نے لکھا ہے آج کا نعرہ راہل گاندھی مکت کانگریس ہے ۔حالانکہ ان کا ٹوئٹر ہینڈل ویریفائڈ نہیں ہے،اس لیے اس کی تصدیق نہیں ہوپائی ہے ۔ برکھا نے اجے ماکن پر بدتمیزی اور راہل گاندھی پر سنگین الزامات عائد کیا تھا ۔برکھا نے دہلی خاتون کانگریس کے صدر کے عہدے سے جمعرات کو ہی استعفی دے دیا تھا، حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ پارٹی نہیں چھوڑیں گی ۔انہوں نے جمعرات کو پارٹی کی وفادارسپاہی ہونے کا دعوی کیا تھا اور کانگریس کو چھوڑنے کے کسی بھی منصوبہ سے انکار کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں کانگریس نہیں چھوڑوگی اور پارٹی کے اندراپنی جنگ جاری رکھوں گی۔دہلی کانگریس کی چیف ترجمان شرمشٹھا مکھرجی نے کہا کہ برکھا اپنی ذاتی شکایات نمٹا رہی ہیں اور پارٹی مفادات کو ایسے نازک وقت میں نقصان پہنچا رہی ہیں ،جب کارپوریشن انتخابات سر پر ہیں۔برکھا نے ایک بیان میں کہا کہ پارٹی کے کئی سینئر لیڈروں، جن میں سے میں کسی کا نام نہیں لینا چاہتی ہوں ، کا بھی یہ موقف ہے کہ راہل گاندھی پارٹی کی قیادت کرنے کے لیے ذہنی طور پر مناسب نہیں ہیں، لیکن وہ اس بارے میں کہنا کیوں نہیں چاہتے، اس کی وجہ سے مجھے معلوم نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نائب صدر پارٹی کے لیڈروں سے ملاقات نہیں کرتے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ راہل پارٹی کے اندر ونی مسائل پر غور کرنے سے بچتے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ کانگریس پارٹی کے کئی بڑے لیڈر ان دنوں دوسری پارٹیوں کی طرف رخ کر رہے ہیں۔کچھ دنوں قبل دہلی کانگریس کے سابق صدر اروندر سنگھ لولی بھی بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں۔انہوں نے نے بھی ماکن پرکئی الزامات لگائے تھے ۔