لینڈ مافیاؤں کے خلاف یوگی حکومت نے ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ کیا

لکھنؤ،(ملت ٹائمز،ایجنسیاں )
یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے منگل کو کابینہ کے اجلاس میں کئی اہم فیصلہ لیا ہے ۔یوپی میں زمینوں پر غیر قانونی قبضوں کو ہٹانے کے لیے سخت قدم اٹھانے کے فیصلے ہوئے، حکومت نے اس کے لیے اینٹی لینڈ مافیا ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔غیر قانونی تجاوزات ہٹانے کے لیے کئی سطح پر ٹاسک فورس قائم کی جائیں گی، جن میں ریاست، ڈویژن ، ضلع اور تحصیل سطح پر اینٹی لینڈ مافیا ٹاسک فورس کا قیام کیا جائے گا۔یوپی حکومت کے ترجمان سری کانت شرما نے میٹنگ کے بعد بتایا کہ دو ماہ کے اندر غیر قانونی تجاوزات والی زمینوں کی نشاندہی کی جائے گی، ساتھ ہی غیر قانونی قبضے کرنے والوں کی فہرست بھی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وعدے پر قائم ہے، زمینوں پرسے غیر قانونی تجاوزات ہٹائے جائیں گے۔متھرا کے جواہرباغ میں جس طریقے سے 300ایکڑ پر انتظامیہ کی ناک کے نیچے قبضہ کیا گیاتھا ، ویسا اب نہیں ہونے دیا جائے گا۔سری کانت شرما نے بتایا کہ زمینوں پر ناجائز قبضوں کی شکایت ویب پورٹل jansunwahi.up.nicپر کی جا سکتی ہے۔کابینہ اجلاس میں اسمبلی سیشن پر بھی فیصلہ کیا گیا۔حکومت نے 15؍مئی کو اسمبلی کا اجلاس بلایا ہے، یہ اجلاس ایک ہفتے چلے گا، اس اجلاس میں جی ایس ٹی بل کو منظوری دی جائے گی۔عظیم شخصیات کی جینتی اور یوم شہادت پر چھٹیاں منسوخ کرنے کا فیصلہ بھی یوگی حکومت نے لیاہے ۔کابینہ نے 15عظیم ہستیوں کی جینتی پر چھٹیاں منسوخ کرنے کا اعلان کیاہے ، اب جینتی پر ریاست کے سبھی اسکولوں اور کالجوں میں ایک گھنٹے کا پروگرام کیا جائے گااور سرکاری دفاتر بھی کھلے رہیں گے۔
SHARE