سرجیکل اسٹرائیک کا ثبوت مانگنا اورای وی ایم کوقصوروارٹھہرانا غلط: کمار وشواس

نئی دہلی ، (ملت ٹائمز،ایجنسیاں)
دہلی کے ایم سی ڈی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی شکست کا پوسٹ مارٹم جاری ہے۔اس بار عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر کمار وشواس نے کہا ہے کہ اروند کیجریوال کو سرجیکل اسٹرائیک پر وزیر اعظم پر حملہ نہیں کرنا چاہیے تھا، کیونکہ سرجیکل اسٹرائیک پر ان کا موقف غلط تھا۔کمار وشواس نے ایک نیوز چینل کو دیئے انٹرویو میں کہا ہے کہ کیجریوال کو سرجیکل اسٹرائیک کا ثبوت نہیں مانگنا چاہیے تھا۔کمار وشواس نے میونسپل کارپوریشن انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے شکست کی کئی وجوہات کا ذکرکرایا اور کہا کہ پارٹی میں اندرونی جمہوریت کی کمی اور رائے دہندگان کے ساتھ اعتماد کی کمی شکست کی اہم وجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ شکست کے لیے ای وی ایم کو ذمہ ٹھہرانا غلط ہے۔کمار وشواس نے کہاکہ ہم ای وی ایم کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتے، وہ اہم مسئلہ نہیں ہے، اہم مسئلہ عدم اعتماد ہے۔کمار وشواس کے مطابق ،آپ لیڈروں کی رائے دہندگان کے ساتھ وابستگی نظر نہیں آرہی رہا تھی ، آپ کو اب خوداحتسابی کی ضرورت ہے۔غورطلب ہے کہ گزشتہ سال جموں و کشمیر کے اڑ ی میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان نے جب ستمبر میں پاک مقبوضہ کشمیر میں سرجیکل اسٹرائیک کیا، تو دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اس سرجیکل اسٹرائیک کا ثبوت ملک کے سامنے رکھنا چاہیے ۔کمار وشواس نے کیجریوال کے اس موقف کو عام آدمی پارٹی کے ایم سی ڈی الیکشن میں کارکردگی سے جوڑ کر دیکھا۔کمار وشواس نے پارٹی میں کارکنوں اور عوامی سطح کے لیڈروں کو مبینہ طورپر نظر انداز کئے جانے کے بارے میں بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا پارٹی میں اب فیصلے اجتماعی سطح پر نہیں لئے جاتے ہیں، چند لوگ پوری پارٹی کو چلاتے ہیں۔کمار وشواس نے میونسپل کارپوریشن انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ بند کمرے میں بیٹھ کر فیصلہ لیا گیا اور غلط لوگوں کو ٹکٹ دے دیا گیا۔کمار وشواس کے مطابق ، پارٹی میں اہم اصلاحات کے لیے بیٹھ کر فیصلہ لیا جائے گا۔انہوں بتایا کہ پنجاب میں شکست کے لیے سنجے سنگھ اور درگیش پاٹھک نے دیر سے استعفی دیا۔کمار وشواس کا کہنا ہے کہ جدوجہد اس پارٹی کا اصل کردار ہے اور اسے برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
SHARE