نئی دہلی(محمد قیصر صدیقی ؍ملت ٹائمز)
دہلی کے سابق وزیر کپل مشرا نے آج ایک بار پھر وزیر اعلی اروند کیجریوال پر بڑا حملہ کیاہے ۔مشرا نے اروند کیجریوال پر پردے کے پیچھے غلط کام کرنے کا الزام لگایاہے ، ساتھ ہی دعوی کیا کہ فرضی لوگوں کے نام سے پارٹی کے لیے فنڈ لیا گیا۔وہیں مشرا نے کیجریوال پر بلیک منی کو سفید کرنے کا بھی الزام لگایا۔ساتھ ہی کپل نے کہا کہ کیجریوال کا کالر پکڑ کر تہاڑ جیل میں بھجواؤں گا۔وہیں پریس کانفرنس کے آخر میں کپل مشرا بے ہوش ہو گئے تھے ۔کپل مشرا نے اروند کیجریوال پر بلیک منی کو سفید کرنے کا الزام لگایاہے ۔انہوں نے عام آدمی پارٹی کا 2013-14کا اکاؤنٹ دکھایا۔کپل نے دعوی کیا کہ الیکشن کمیشن کو پارٹی فنڈ کی غلط معلومات دی گئی۔عام آدمی پارٹی کے اکاؤنٹ میں 2014-15میں 65کروڑ روپے تھے،لیکن پارٹی نے الیکشن کمیشن کو 32کروڑ کی معلومات دی، وہیں ویب سائٹ پر 27کروڑ کا چندہ دکھایا گیا۔کپل نے دعوی کیا کہ اس دوران 461فرضی انٹریاں بھی پائی گئیں۔کپل مشرا نے دعوی کیا کہ فرضی کمپنیوں نے عام آدمی پارٹی کودو کروڑ کا چندہ دیا اور اروند کیجریوال نے کہا کہ انہیں اس کمپنی کا نہیں پتہ ہے ، جبکہ سچ یہ ہے کہ یہ پیسہ ان کے ساتھ رہنے والے لوگوں کی کمپنیاں ہیں۔کپل مشرا نے عام آدمی پارٹی کے ممبر اسمبلی شیوچرن گوئل پر فرضی کمپنی بنانے کا الزام لگایا۔کپل نے دعوی کیا کہ شیوچرن اور ان کی بیوی کی کئی فرضی کمپنیاں ہیں، جن کے ذریعے انہوں نے عام آدمی پارٹی کو بلیک منی دیا۔کپل نے دعوی کیاکہ یہ فرضی کمپنیاں ایک چین میں کام کر رہی تھیں اور حوالہ کا پیسہ پارٹی کو چندے کے طور پر دیا جا رہا تھا ۔
کپل مشرا نے دعوی کیا کہ مہرولی سے آپ ممبر اسمبلی نریش یادو بھی اس میں شامل ہیں۔کپل نے دعوی کیاکہ نریش یادو کی بیوی نے فرضی کمپنی میں سرمایہ کاری کی ہے، اسی کمپنی سے پارٹی کو فنڈ دیا گیا۔کپل مشرا نے کیجریوال اور عام آدمی پارٹی پر بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے دعوی کیا کہ وہ یہ سبھی ثبوت سی بی آئی کو سونپیں گے۔کپل نے اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کا بھی مطالبہ کیا۔وہیں کپل مشرا کی بیوی نے کہا کہ اگر کپل کی طبیعت صحیح نہیں رہی، تو وہ خود پیر کو سی بی آئی کو یہ ثبوت دینے جائیں گی۔واٹر ٹینکر گھوٹالے میں اے سی بی (اینٹی کرپشن بیور )نے اروند کیجریوال کے قریبی ویبھو کو پوچھ گچھ کے لیے نوٹس بھیجا ہے، پوچھ گچھ کے لیے انہیں بدھ کو طلب کیا گیا ہے۔غورطلب ہے کہ ویبھو کیجریوال کے سیاسی مشیر بھی ہیں۔کپل مشرا نے اے سی بی سے ان کے نام کی شکایت کی تھی۔مشرا اپنے گھر کے باہر بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں، ہفتہ کو ان کامیڈیکل ٹیسٹ ہوا،رپورٹ میں کپل کا شوگر اور بلڈ پریشر نارمل پایا گیاہے ۔وہیں دہلی کی سابق وزیر اعلی اور کانگریس لیڈر شیلا دکشت نے کہاکہ اروند پر لگے الزامات سنگین ہیں، ایسے میں انہیں سامنے آکر جواب دینا چاہیے ۔شیلا نے کہا کہ ان کی خاموشی سے شک پیدا ہوتا ہے۔غورطلب ہے کہ کہ کپل مشرا نے ستیندر جین، سنجے سنگھ، راگھو چڈھا اور آشیش سمیت کچھ دیگر آپ لیڈروں کے غیر ملکی دوروں پر سوال اٹھایا تھا ۔کپل پارٹی لیڈروں کے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات عام کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں،اسی مطالبہ کو لے کر وہ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں۔
الزامات کی تردید کرتے ہوئے آپ لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ کپل مشرا بی جے پی سے مل گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی بدعنوانی کی بات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کپل مشرا بی جے پی کی زبان بول رہے ہیں۔ان کا دعوی ہے کہ عام آدمی پارٹی نے پوری ایمانداری سے چندہ لیاہے ، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پارٹی ممبران اسمبلی پر لگے الزامات غلط ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سابق سی ای سی نے آپ کو سب سے ایمانداری پارٹی بتایا تھا۔سنجے سنگھ نے کہا کہ کجریوال کو بدنام کرنا بند کیا جائے۔انہوں نے بی جے پی لیڈروں پر لگے بدعنوانی کے الزامات شمار کرائے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کھل کر سامنے آئے۔غورطلب ہے کہ کپل مشرا نے اپنی پریس کانفرنس میں کیجریوال پر جم کر حملہ بولا تھا، وہ کیجریوال کے خلاف ہزاروں صفحات کے ساتھ میڈیا کے سامنے آئے، بھوک ہڑتال کے پانچویں دن کپل مشرا نے کہا کہ ان کی معلومات کا اندازہ کچھ لوگوں کو ہوگا۔انہوں نے کروڑوں کے لین دین کی مبینہ تفصیلات بھی پیش کی ۔انہوں نے بتایا کہ کس طرح فرضی کمپنیوں سے لین دین کیا گیا، کس طرح سینکڑوں کی تعداد میں فرضی کمپنیوں سے پارٹی کو فنڈ دیا گیا اور پارٹی نے اس کی اطلاع الیکشن کمیشن اور محکمہ انکم ٹیکس سے چھپائی ۔انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ پانچ افراد کے غیر ملکی دوروں کے بارے میں پارٹی اطلاع نہیں دے رہی ہے، یہ سارا کھیل حوالہ اوربلیک منی کو سفید کرنے کا ہے۔