نئی دہلی(ملت ٹائمز؍ایجنسیاں)
کلبھوشن جادھو معاملہ میں انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے )میں سماعت شروع ہو گئی ہے۔ہندوستان ، پاکستان 18سال بعد کسی معاملہ میں انٹرنیشنل کورٹ میں آمنے سامنے ہیں۔اس سے پہلے 1999میں ہندوستان نے پاکستان نیوی کے ایک ایئر کرافٹ کو مار گرایا تھا، اس معاملے کو لے کر پاکستان آئی سی جے پہنچا تھا، اس بار ہندوستان کی جانب سے اپیل کی گئی ہے، ہندوستان کو اپنی بات رکھنے کے لیے تقریبا ڈیڑھ گھنٹے کا وقت دیا گیا،وہیں پاکستان شام کو اپنا موقف رکھے گا۔معاملے کی سماعت 11ججوں کی بنچ کر رہی ہے۔جسٹس ابراہم 11ججوں کی بنچ کو لیڈ کر رہے ہیں، ابراہم نے ہندوستان اور پاکستان کے موقف کو پڑھ کر سنایا۔جسٹس ابراہم نے کہا کہ پاکستان حکومت نے کلبھوشن سدھیر جادھو پر الزام لگائے ہیں، ابراہم نے صاف کیا کہ جادھو کی سماعت ویانا کنونشن کی بنیاد پر ہوگی۔کورٹ نے دونوں فریق کو موقع دیا ہے کہ وہ اپنی دلیلیں پیش کریں، ہندوستان نے اپیل کی ہے کہ جادھو پر لگائے گئے الزام غلط ہیں۔انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں ہندوستان کی طرف سے ہریش سالوے پیروی کر رہے ہیں۔ہندوستان نے 8؍مئی کو آئی سی جے میں عرضی داخل کرکے جادھو کے لیے انصاف مانگا تھا۔دونوں فریقوں کو اپنی دلیل دینے کے لیے برابر وقت دیا جائے گا، عدالت نے اسے زبانی بحث کہاہے ۔ہندوستان کی طرف سے سب سے پہلے دیپک متل نے دلیل دی ، پھر وی ڈی شرما اور بعد میں ہریش سالوے نے معاملے کی ارجینسی پر اپنی دلیل پیش کی ۔