بی پی ایل کی سبسڈی ختم کرکے غریبوں کومشکلات میں نہ ڈالے بی جے پی حکومت ۔مرکزی کابینہ کے فیصلے کے خلاف کجریوال نے مودی کوخط لکھا

نئی دہلی(ملت ٹائمز)
دہلی کے وزیراعلیٰ اروندکیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر بی پی ایل خاندانوں کو چینی پر ملنے والی سبسڈی دوبارہ بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔دہلی کے نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ مرکزی حکومت نے بی پی ایل خاندانوں کی چینی کی سبسڈی ختم کر دی ہے۔انہوں نے بتایاکہ بی پی ایل خاندانوں کو ملنے والی چینی کی مقدار بھی چھ کلو سے کم کرکے ایک کلو کر دی گئی ہے۔لہٰذا وزیراعلیٰ کیجریوال نے پی ایم مودی کو لیٹر لکھا ہے کہ وہ غریبوں کی سبسڈی نہ ختم کریں۔کیجریوال نے کہا کہ ملک بھر میں راشن کی دکانوں پر غریبوں کوجوسستا راشن ملتا ہے، اس کی سبسڈی مرکزی حکومت دیتی ہے۔ابھی کچھ دن پہلے مرکزی حکومت نے راشن کی دکانوں پرغریبوں کو دی جانے والی چینی ختم کرنے کافیصلہ لیاے۔عام آدمی پارٹی کے کنوینر کیجریوال نے کہا کہ یہ اجلاس پی ایم مودی کی صدارت میں کابینہ کمیٹی کی میٹنگ میں لیاگیاہے۔انہوں نے پی ایم مودی کولکھے گئے خط میں کہا کہ وہ غریبوں کے مفادات کو ذہن میں رکھتے ہوئے سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ واپس لیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بے روزگاری بھی اضافہ ہواہے۔ایسے میں اگر غریبوں کی سبسڈی ختم ہوتی ہے، تو ان پر دوہری مارپڑے گی۔