صدارتی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کاساتھ کانگریس کو منظور نہیں۔متحدہ اپوزیشن میں کانگریس اوراین سی پی نے’ آپ‘کی شرکت کی مخالفت کی

نئی دہلی(ملت ٹائمز۔ایجنسیاں)
صدارتی انتخابات کو لے کر متحدہ اپوزیشن میں شامل ہونے کی عام آدمی پارٹی کی کوشش کا کانگریس پارٹی نے مخالفت کی ہے۔کانگریس کے ساتھ این سی پی اور دوسری اپوزیشن جماعتوں نے اس میں اعتراض ظاہرکیاہے۔ذرائع کے مطابق صدارتی انتخابات کے لئے عام آدمی پارٹی تو پورے حزب اختلاف کے ساتھ آنا چاہتی ہے لیکن اسے کانگریس اور این سی پی کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔دہلی کے وزیراعلیٰ اورعام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے حال ہی میں شردیادوسے ملاقات کی ہے۔کیجریوال ممتا بنرجی اور سیتا رام یچوری سے پہلے ہی مل چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق کانگریس کاخیال ہے کہ بی جے پی کے حملے سے بچنے کے لئے عام آدمی پارٹی کی مشترکہ اپوزیشن میں شامل ہونے کی کوشش کوروکنا ہی ٹھیک ہو جائے گا۔اگرچہ جب یہ سوال عام آدمی پارٹی اور کانگریس سے پوچھا گیا تو دونوں نے ہی بات کو ٹال دیا۔اس بابت پوچھے جانے پر دہلی کے نائب وزیراعلیٰ اورعام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سسودیا نے یہ کہہ کر جواب دیا کہ اس بارے میں کانگریس ہی سے پوچھیے۔تووہیں کانگریس کے سینئر لیڈر راج ببر نے کہا کہ اپوزیشن کی آج میٹنگ ہے، اس میں آپ کو پتہ چلے گا۔دراصل اس سے پہلے اپوزیشن جماعتوں اور رہنماؤں پرعام آدمی پارٹی کی جانب سے کافی تیکھے حملے کئے گئے تھے،یہی وجہ ہے کہ کانگریس آپ کی فی الحال مخالفت کر رہی ہے۔مگرذرائع کے مطابق سماج وادی پارٹی جیسی پارٹیاں چاہتی ہیں کہ عام آدمی پارٹی کو بھی ساتھ لیا جانا چاہئے۔آپ کو بتا دیں کہ اس کے ساتھ ہی عام آدمی پارٹی نے صدارتی انتخابات اورکسانوں کے مسئلہ پر متحدہ اپوزیشن کے ساتھ تعاون کرنے کی خواہش ظاہرکی ہے۔