امتِ مسلمہ شرعی احکام پر عمل پیرا ہوکر ربِ کریم کی خوشنودی حاصل کرے .رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ میں مساجد میں امڈی فرزندان توحید کی بھیڑ، علماءکرام نے باہمی اتحاد اور عمل صالح پر زور دیا

دیوبند(ملت ٹائمزسمیر چودھری)
آ ج یہاں رمضان المبار کے تیسرے جمعہ کو سخت گرمی کے باوجود بڑی تعداد میں فرزندان توحید سے تمام مساجد بھری رہیں اور خدا کے نیک بندوں نے بارگا ہ ایزدی میں دیوبند کی متعدد مساجد میں خشوع وخضوع کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی اور ہاتھ اٹھا کر شہر اور پورے عالم کے امن و امان وباران رحمت کے لئے ایک ساتھ دعائیں کی ۔دارالعلوم دیوبند کی چھتہ مسجد میں بعد نماز جمعہ جمعیة علماءہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی نے دعاءکی قبولیت پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ دعاءکی قبولیت کا سیزن ہے۔مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ ذکر اللہ کے ذریعہ اپنے دلوں کو زندہ رکھو اور اللہ کی طرف متوجہ رہو جس دل میں ذکر اللہ نہیںہوتا وہ دل مردار کی طرح ہوتا ہے، ذکر اللہ سے دل زندہ رہتا ہے۔ انہوں نے حاضرین کے جم غفیر سے پر مغز خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ نبی کریم تمام انسانوں کے لیے رحمت بناکر مبعوث کئے گئے ان کی عملی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، لہٰذا ہمیں چاہئے کہ شرعی احکام پر عمل پیرا ہوکر خدا تعالیٰ کی خوشنودی کا ذریعہ بنیں، جو مسلمانوں کے لیے فلاح وکامرانی کا عظیم ذریعہ ہے۔مولانا مدنی نے کہا کہ طہارت اور پاکیزگی کا تصور صرف اسلام میں ہے، پاکیزگی کی حفاظت مو¿من کے سوا کوئی نہیں کرسکتا کیونکہ پاکیزگی کو نصف ایمان قرار دیا گیاہے، اس کا خاص خیال رکھنا سب سے زیادہ ضروری ہے ۔انہوںنے حاضرین کو تلقین کی رمضان المبار کے بقیہ ایام کی میں زیادہ سے زیادہ عبادت و ریاضت کرکے خوشنودی الٰہی حاصل کریں ۔ انہوں نے بلا تفریق مذہب و ملت انسانی ہمدری ،حسن اخلاق اور خدمت خلق پر زور دیتے ہوئے اسے مذہب اسلام کا اہم جز قرا ردیا۔
وہیں شہر کی مرکزی جامعہ مسجد میں دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ حدیث مفتی عارف قاسمی نے نماز جمعہ میں فرزندان توحید سے خطاب کرتے ہوئے قرآنی آیات کے حوالے سے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کلی طورپر اسلام میں داخل ہوجائیں اور خدا کی رضاجوئی حاصل کرنے کے لیے شرعی امور کی پاس داری کرتے ہوئے اسلام کے چار ارکان عبادات ، عقائد، معاملات، اخلاق، اور معاشرت سے مزین ہوکر اپنی زندگی شرعی احکام کے مطابق گزاریں۔ انھوںنے جاری مہینہ میں کثرت عبادات اور کثرتِ مغفرت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں قرآن اور نبی کے بتائے ہوئے طریقے پر چلنا چاہئے، جس میںہماری دنیاوی اوراخروی کامیابی کا راز مضمر ہے۔مفتی عارف قاسمی نے کہا کہ روز ہ داروں سے روزہ میں جو کوتاہیاں اور غلطیاں ہوتی ہیں اسکے کفارہ کے لئے رمضان کے آخر میں صدقہ فطر دیا جاتا ہے جو ہر بالغ ونابالغ کی طرف سے ادا کیا جاتا ہے گھر کے اخراجات بر داشت کرنے والے شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ گھر کے تمام افراد کا صدقہ فطر اداکرے جسکی مقدار ایک کلو 633گرام گیہوں یا اسکی قیمت جو اس سال30روپے ہوتی ہے۔
مسجد رشید میںنماز جمعہ امروہہ جامع مسجد کے استاذ حدیث و نوجوان عالم دین مفتی عفان منصور پوری نے ادا کرائی بعد ازیں مولانا نے اعتکاف کی اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اعتکاف کے ذریعہ اللہ سے تقرب کے ساتھ ساتھ شب قدر کی عبادت حاصل ہوجاتی ہے ، جس میں عبادت کرنا تراسی سال کی عبادت سے افضل ہے ۔انہوں نے رمضان اور اعتکاف کی فضیلت پر رشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جو شخص اللہ کی رضاءجوئی کیلئے اپنا سر تسلیم خم کرتا ہے وہ ایسے بندوں سے بے پناہ محبت کرتا ہے ۔موصوف نے کہا کہ جو نیک شخص دنیاوی کاروبار چھوڑ کر اللہ کی بارگا ہ ہمہ وقت اپنے گناہوں کی تو بہ استغفار کرکے شب و رز عباد ت و ریاضت میں مشغول رہے ۔ علاوہ ازیںمضان المبارک کے تیسرے جمعہ کو قدیم مسجد، مسجد انور ، دارالعلوم زکریا، آدینی مسجد، قاضی مسجد، جامع مسجد تحصیل ،مغلوں والی مسجد ،جامع مسجد پٹھانپور ہ ،مسجد اصغریہ ،مسجد شاہ بخاری وغیرہ میں لوگوں نے علماءکی اقتدار میں نہایت خشوع وخضوع کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی۔مسجد خانقاہ میں مفتی عبدالقادر دیوبندی نے نماز جمعہ اداکرائی۔ قبل ازیں مقامی انتظامیہ کی جانب سے مسلم محلوں اور خاص طورپر مساجد کے اطراف میں چونہ کاری کا معقول بندوبست کیاگیا، اور حالات کو پُر امن بنانے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے فلیگ مارچ بھی کیاگیا۔عیدکی آمد کے پیش نظر بازاروں میں خریداری کرنے والوں کی بھیڑدیکھی گئی۔