لندن (ملت ٹائمز۔ایجنسیاں)
برطانیہ کے دارلحکومت لندن میں مسلمانوں کے خلاف مذہبی منافرت کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق دو افراد جاں بحق اور دس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق شمالی لندن کے فنز بری پارک کی سیون سسٹرز روڈ پر ڈرائیور نے تراویح پڑھ کر آنے والوں پر گاڑی چڑھا دی۔ برطانوی میڈیا کا بتانا ہے کہ فنز بری پارک مسجد کے باہر پیش آئے واقعے میں 2 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے فنز بری پارک اسٹیشن اور نواح کا علاقہ بھی سیل کر دیا ہے۔ادھر برطانوی وزیر اعظم ٹیریزا مے نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے بتایا کہ پولیس اسے ممکنہ دہشت گرد حملہ خیال کرتی ہے۔
مے کا کہنا تھا کہ ”پولیس نے اسے حملے کو ممکنہ دہشت گرد حملہ بتایا ہے میں آج صبح ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کروں گی جس میں اس حملے کے مضمرات پر غور کیا جائے گا۔“۔انہوں نے مزید کہا کہ ”میری تمام ہمدردیاں اور جذبات حملے کا شکار، ان کے لواحقین اور جائے حادثہ پر کام کرنے والی ایمرجنسی سروسز کے کارکنوں کے ساتھ ہیں۔“