دارالعلوم دیوبندکے سالانہ امتحان کا نتیجہ منظر عام ،دورہ حدیث شریف میں اول دوم پوزیشن پر مولانا سلمان بجنوری کے بیٹوں کا قبضہ

دیوبند(ملت ٹائمزسمیر چودھری)
دارالعلوم دیوبند کی تمام عربی جماعتوں کے سالانہ نتائج منظر عام پر آچکے ہیں ،گزشتہ روز ویب سائٹ کے توسط سے منظر عام پر آئے دورہ حدیث شریف کے نتائج میں ادارہ کے سینئر استاذ حدیث مولانا محمد سلمان بجنوری نقشبندی کے صاحبزادوں مولوی صفوان اور مولوی ذکوا ن نے اول و دوم پوزیشن حاصل کرکے نام روشن کیاہے ۔حسب سابق دارالعلوم دیوبند کے عربی درجات کے نتائج رمضان المبارک کی پہلی تاریخ سے منظر پر آنا شروع ہوئے تھے، جن کو نئے داخلوں کے مرحلہ سے قبل منظر عام پر لانا انتظامیہ کے لئے ضروری ہوتا ۔ اسی کے تحت آج دورہ حدیث شریف کے نتائج ادارہ ویب سائٹ کے ذریعہ منظر عام پر آئے ۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ اس مرتبہ دورہ حدیث شریف میں اول ،دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءکے ناموں کے سامنے’ دیوبند‘ درج ہے ،جس سے اہل شہر میں خوشی کا ماحول ہے ۔ مولانا محمد سلمان بجنوری کے بیٹے مولوی محمد صفوان نے 94 فیصد نمبرات کے ساتھ اول پوزیشن حاصل کی ،جبکہ مولانا کے دوسرے بیٹے مولوی محمد ذکوان نے 92.80 فیصد نمبرات کے ساتھ دوسری پوزیشن اور 89.10 فیصد نمبرات کے ساتھ مولوی عبدالصمد دیوبندی نے سوم پوزیشن حاصل کی۔ اول تادورہ حدیث کے نتائج دارالعلوم دیوبند کی ویب سائٹ دیکھے جاسکتے ہیں۔