گریٹر نوئیڈا ، 20جون (آئی این ایس انڈیا )
راجدھانی دہلی سے متصل سوہنا میں اجتماعی آبروریزی کا ایک سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔کچھ بدمعاشوں نے ہریانہ کے سوہنا سے ایک خاتون کو اغوا کر کے اس کے ساتھ چلتی کار میں ریپ کیا۔واردات کو انجام دینے کے بعد ملزم خاتون کو گریٹر نوئیڈا میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ملزمان نے پیر کی شام 8بجے خاتون کو ایک سوئفٹ کار میں اغوا کیا اور اسے رات بھراین سی آر کی سڑکوں پر گھماتے رہے، خبروں کے مطابق گاڑی میں تین لوگ تھے۔منگل کی صبح کسی شخص نے لاوارث عورت کودیکھ گریٹر نوئیڈا پولیس کو فون کیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ کو میڈیکل جانچ کے لیے بھیجا، مزید تحقیقات کے لیے متاثرہ کو سوہنا لے جایا گیا ہے، متاثرہ خاتون راجستھان کی رہنے والی ہے اور تقریبا 10دن پہلے سوہنا آئی تھی۔گوتم بدھ نگر کے ایس ایس پی لو کمار نے بتایا کہ خاتون کو میڈیکل جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور پولیس کی ایک ٹیم سوہنا بھیجی گئی ہے۔پولیس نے اس معاملے میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔