دیوبند(ملت ٹائمزسمیر چودھری)
آج رمضان المبارک کی رخصتی کو لے کر جمعة الواع میں مقامی لوگوں کے علاوہ گرد و نواح سے ہزاروں فرزندان توحید نے مسجد رشید ، مرکزی جامع مسجد ، مسجد چھتہ سمیت شہر کی تمام مساجد میں نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ نماز جمعة الواع کی نماز ادا کی ،نیز بارگاہ ایزدی میں سجدہ ریز ہوکر ملکی اورعالمی سطح پر مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور ظلم و تشدد کے خاتمہ اور باران رحمت کے لئے اجتماعی دعائیں کیں۔آج علی الصبح سے ہی سخت گرمی اور شدت کی دھوپ کے باوجود فرزاندان توحید کا جوش و خروش قابل دید تھا،نماز کے بعد لوگوں نے عبدالفطر کے لئے بازاروں سے جمع کر خریداری کی ۔ دارالعلوم دیوبند کی تاریخی مسجد چھتہ میں جمعیة علماءہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی نے نماز جمعہ ادا کرائی ،بعد ازیں ذکر اللہ اور آخری عشرہ کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے مولانا نے مسلمانوں سے ہر عمل احکام الٰہی کے مطابق انجام دینے پر زور دیا ۔ مولانا مدنی نے ذکراللہ کی اہمیت و فضیلت بیان کرتے ہوئے فرمایاکہ ذکر سے غفلت اللہ کی رحمت سے محرومی کاسبب ہے ،اپنے آپ کو شیاطین سے محفوظ رکھنے کے لئے اللہ کے ذکر کاسہارا لینا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ذاکر اللہ پاک کی تخلیق کردہ ہر شئے سے متاثرہ ہوکر اللہ کے ذکر میںاضافہ کرتاہے۔انہوں نے کہاکہ ذکراللہ کرنے والے لوگوں کو یوم قیامت میںخاص مقام عطا کیا جائے گا۔ مولانا موصوف نے کہاکہ اس ماہ مبارک کی چند ساعتیں باقی ہیں جن میں ہمیں زیادہ زیادہ سے عبادت کرنی چاہئے ،نیز ہر عمل میں خلوص و للہیت ، جذبہ ایثار اور عمل پیہم جیسی صفات پیدا کرنا دو ر حاضر کی اہم ترین ضرورت ہے۔ مولانا نے عالمی سطح پر ہونے والے مسلمانوں پر ظلم و ستم کی شدید مذمت کرتے ہوئے حاضرین سے اس امر پر زور دیا کہ وہ مسلمانوں کے لئے خصوصی دعاو¿ں کااہتمام کریں۔
دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید میں جمعیة علماءہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید محموداسعد مدنی نے خطبہ جمعہ دیا اور نماز ادا کرائی ۔بعد ازاں مولانا سید محمود اسعد مدنی نے فرزندان توحید سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے رمضان المبارک کے بقیہ لمحات کی قدر کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے توبہ و استعفار کرنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے کہاکہ ابھی توبہ کے دروازے کھلے ہیں اسلئے ہمیں اپنے گناہوں پر نادم ہوکر اللہ سے اپنے گناہوںکو معاف کرانا چاہئے کیا خبر آئندہ یہ ماہ مبارک ہمیںنصیب ہویا نہ ہو۔ انہوں نے آخری عشرہ کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ جاری عشرہ جہنم سے خلاصی کا ہے اسلئے ہمیں اس عشرہ میںزیادہ سے زیادہ عبادت و ریاضت کے ذریعہ خدا تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرکے اپنی مغفرت کرانی چاہئے۔ انھوں نے قرآنی آیات کے حوالے سے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کلی طورپر اسلام میں داخل ہوجائیں اور خدا کی رضاجوئی حاصل کرنے کے لیے شرعی امور کی پاس داری کرتے ہوئے اسلام کے چار ارکان عبادات ، عقائد، معاملات، اخلاق، اور معاشرت سے مزین ہوکر اپنی زندگی شرعی احکام کے مطابق گزاریں۔ اس موقع پر انھوںنے حاضرین سے جاری ماہ مباک کے بقیہ ایام میں کثرت عبادات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں قرآن اور نبی کے بتائے ہوئے طریقے پر چلنا چاہئے، جس میںہماری دنیاوی اوراخروی کامیابی کا راز مضمر ہے۔
ادھر مرکزی جامع مسجد دیوبند میں مفتی عارف قاسمی استاذ حدیث دارالعلو م وقف دیوبند کی اقتدا میں سیکڑوں فرزندان اسلام نے جمعة الواع کی نماز ادا کی ۔ اس موقع مفتی موصوف نے کہاکہ ہر عمل میں تواضع اور انکساری پیدا کرنے سے خدا اپنے بندے کے درجات بلند کرتا ہے ،نیز خدا تعالیٰ تکبر کرنے والے کو نا پسند کرتا ہے ،تاہم ہمیں چائے کہ اسلامی امور کی پاسداری کرتے ہوئے ہر عمل میں عاجزی انکساری اور فرمانبرداری کے ذریعہ اپنے شمار خدا کے نیک بندوں میں کرائیں ۔ مفتی موصوف نے واضح طورپر کہاکہ ہر عمل میں عجزو انکساری اور خوف خدا بارگاہ ایزدی میں قبولیت کا باعث ہے اور اسی میں ہماری فلاح و کامرانی کا راز پوشیدہ ہے ۔ انہوں نے صدقة الفطر کو ہر بالغ مرد و عورت پر واجب قراردیتے ہوئے کہاکہ صاحب حیثیت اس بات پر زور دیں کہ وہ صدقہ فطر کشمش ، کھجور ، چھوارہ،جوں،گیہوں وغیرہ سے ادا کریں تاکہ مستحقین کی بہتر داد رسی ہوسکے ۔ انہوں نے حاضرین سے اسوہ¿ حسنہ کو مقصد زندگی بنانے پر زور دیا اور کہاکہ ہمیں اپنے اکابرین کے عملی صفات سے بھی سبق حاصل کرنا چاہئے ۔ آخر میں انہوں نے رمضان کے بقیہ لمحات کو نہایت خشوع و خضوع کےساتھ گذارنے کی تلقین کی اور بے جا رسومات و لغویات سے پرہیز کرنے کو ضروری بتایا ۔مفتی موصوف نے امن وشانتی کے لئے دعاءکرائی۔ان کے علاوہ آخری جمعہ میں مقامی اور اطراف کے ہزاروں لوگوں نے دارالعلوم دیوبند کی قدیم مسجد، مدنی مسجد، جامع مسجد پٹھانپور، مسجد قلعہ، آدینی مسجد، قاضی مسجد ،بڑی جامع مسجد گوجرواڑہ،اصغریہ مدرسہ ،دارالعلوم زکریا سمیت دیوبند کی جملہ مساجد میں علماءکرام کی اقتدا میں نماز جمعہ ادا کرکے خصوصی دعائیں کیں۔شیخ الہند کالونی میں واقع مسجد فیض قاسمی میں آج سے نماز جمعہ آغاز ہوا ،نمام مولانا فاروق نے ادا کرائی۔نماز جمعہ کے بعد لوگوں نے عیدالفطر کے مدنظر جم کر خریداری کی ،جس کے سبب دارالعلوم اور مسجد رشید کے اطراف میں کئی گھنٹے تک سڑکیں جام رہی ۔قبل ازاں رمضان المبارک کے جمعة والواع کے مد نظر جہاں میونسپل بورڈ نے مساجد اور مسلم اکثریتی محلوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا، وہیں مقامی پولیس افسران نے شہر میں بقاءامن و امان کے لئے خاص طور پر مسجد رشید اور جامع مسجد پٹھانپورہ میں سخت حفاظتی نظام کو چاق چوبند رکھا ۔